تازه خبریں

کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لئے مسلمان حکمران غیرت کا ثبوت دیں ملی یکجہتی کونسل پاکستان

اسلام آباد (جعفریہ پریس  )  اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سکریٹری جنرل ڈپٹی سکریٹری ملی یکجہتی و متحدہ مجلس عمل  علامہ عارف واحدی نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری امت مسلمہ ایک ہے اور جسد واحد کی طرح ہے۔ ملی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام تمام دینی جماعتوں نے آج کی ریلی میں شرکت کرکے یہ بات ثابت کردی ہے۔کونسل کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثاقب اکبر نے کہا کہ تکفیری قوتیں ناکام ہو چکی ہیں، اسلام دشمن مسلمانان پاکستان کو تقسیم کرنے میں نامرادہو چکے ہیں۔مستقبل اسلام اور مسلمانوں کا ہے۔ ملی یکجتی کونسل اور جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما آصف لقمان قاضی نے کہا کہ ہم درد مشترک اور قدر مشترک کی بنیاد پر ایک ہے۔ جماعت اہل حرم کے سربراہ مفتی گلزار نعیمی نے کہا کہ ہماری اصل مشکل وہ حکمران ہیں جو امریکہ اور دیگر استعماری طاقتوں کے کاسہ لیس ہے۔ ریلی سے عوامی تحریک کے مرکزی رہنما قاضی شفیق ، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مفتی امیرزیب، جماعت اسلامی کے رہنما کاشف چوہدری، تنظیم اسلامی کے رہنما خالد محمود عباسی، اسلامی تحریک کے علامہ غلام قاسم جعفری ، ، ہدیہ الہادی کے مفتی معرفت شاہ، جمعیت علمائے پاکستان کے علامہ سعید نقشبندی، امامیہ آرگنائزیشن کے لعل مہدی ، اور دیگر متعدد رہنماؤں نے خطاب کیا۔ ریلی میں جمعیت طلبہ عربیہ ، تحریک اویسیہ، تحریک جوانان پاکستان ، آل پارٹیز حریت کانفرنس سمیت مختلف جماعتوں کے وفود شریک ہوئے۔ ریلی کے دوران میں کشمیریوں اور فلسطینیوں کے بارے میں فلک شگاف نعرے لگائے گئے، ریلی کے شرکاء نے مختلف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اسلام دشمن قوتوں کے خلاف اور پاکستان کی حمایت میں نعرے درج تھے۔ ریلی کے دوران فضاء امریکہ، اسرائیل اور بھارت کے خلاف نعروں گونجتی رہی۔ آخر میں ملی یکجتی کونسل کی طرف سے ایک اعلامیہ بھی تقسیم کیا گیا جو اس خبر کے ساتھ لف ہے۔