تازه خبریں

ہزارہ برادری کے مطالبات پورے، شیعہ علما ءکونسل نے احتجاجی کال واپس لے لی

ہزارہ برادری کے مطالبات پورے، شیعہ علما ءکونسل نے احتجاجی کال واپس لے لی
اعلیٰ عدلیہ و عسکری حکام دہشتگردی کے واقعات کے پس محرکات کوسامنے لائیں ، علامہ عارف واحدی
اسلام آباد /راولپنڈی 03 مئی 2018ء (اسٹاف )شیعہ علماءکونسل پا کستان نے کوئٹہ میں ہزارہ برا دری کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف چیف جسٹس آف پاکستان ، آرمی چیف اور وفاقی وزیر داخلہ سمیت دیگر ذمہ داران کی یقین دہانیوںاورہزارہ برادری کے مطالبات پورے ہو نے پر شیعہ علما ءکونسل پاکستان نے یوم جمعہ کو ملک بھر میں پُرامن احتجاج کے ختم کا اعلان کرتے ہوئے یوم احتجاج کی کال واپس لے لی ۔علامہ عارف حسن واحدی مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علما کونسل کا کہناتھا کہ چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر ساخلہ احسن اقبال اور اعلیٰ عسکری و سول حکام کی مظلوم خانوادوں سے اظہار تعزیت اور قاتلوں کی گرفتاری کی یقین دہانی لائق تحسین ہے، امید ہے وفاقی وزیر داخلہ و دیگرذمہ داران مظلوم خانوادوں سے کئے گئے وعدے جلد وفا کرینگے اور قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائیںگے، علامہ عارف حسین واحدی کا مزید کہنا تھاکہ چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے بھی ہزارہ ٹارگٹ کلنگ کا از خود نوٹس لینے کا اقدام لائق تحسین ہے انہوںنے کہا کہ آرمی چیف ، وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے جس طرح مظلوم خانوادوں کا دلجمعی سے مقدمہ سنا اور اصلاح و احوال کی یقین دہانی کرائی اس پر وفاقی حکومت اور سول حکام مظلوم خانوادوں کی داد رسی کریں گے اور جلد از جلد دہشت گردوں اور قاتلوں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائیں گے ۔ علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ اُمید ہے کہ اعلیٰ عدلیہ و عسکری حکام کوئٹہ میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات کے پس محرکات کو سامنے لائیںاور ذمہ داران کو قانون کے دائرہ میں لا کر تختہ دار پر لٹکائیں گے ۔علامہ عارف واحدی کا مزید کہنا تھا کہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم پر کوئٹہ میں ہزارہ برادری کی ٹارگٹ کلنگ کیخلاف جمعہ کو ارباب اختیار تک اس ظلم کی آواز کو پہنچانے کےلئے ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا تھا لیکن اعلیٰ حکام کی جانب سے مظلومین کی داد رسی اور یقین دہانی کے باعث شیعہ علما ءکونسل پاکستان پرامن احتجاج کی کال واپس لینے کا اعلان کرتے ہیں۔