تازه خبریں

ٹرمپ کی دھمکیوں کے باوجود دنیانے اکثریتی رائے سے امریکا کے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارلخلافہ تسلیم کرنے کا فیصلہ مسترد کر دیا ۔ مرکزی سکریٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان

اقوام متحدہ کی قراردادوں کا احترام کرتے ہوئے امریکا اپنافیصلہ واپس لے ، علامہ عارف واحدی
پاکستانی عوام ہر مشکل گھڑی میں ہمہ وقت فلسطینیوں بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں،  مرکزی سکریٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان ۔ ٹرمپ کی دھمکیوں کے باوجود دنیانے اکثریتی رائے سے امریکا کے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارلخلافہ تسلیم کرنے کا فیصلہ مسترد کر دیا ۔راولپنڈی /اسلام آباد 22دسمبر 2017ء ( اسٹاف)اسلامی نظریاتی کونسل کے ممبر علامہ عارف حسین واحدی کا کہنا ہے کہ امریکی دھمکیوں کے باوجود اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کیخلاف قرارداد بھاری اکثریت سے منظور ہو نے پر اسلامی ممالک بالخصوص پاکستان، ایران ، ترکی، مصر، یمن اور عراق مبارکباد کے مستحق ہیں۔اسلامی ممالک کی جانب سے امریکہ کے خلاف قرارداد پیش کرنے کے نتیجہ میں قرارداد کے حق میں 128 جبکہ مخالفت میں صرف 9 ووٹ آئے کو اسلامی ممالک کی فتح قرار دیتے ہوئے اسے تاریخی کامیابی قرار دیا ۔ علامہ عارف حسین واحدی کا کہنا تھا کہ امریکی دھمکیوں کے باوجود اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کیخلاف قرارداد بھاری اکثریت سے منظورکرنا فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور ٹرمپ کی پالیسیوں کو مسترد کرنے کا کھلم کھلا اعلان ہے ، اور یہ اسلامی ممالک کی وحدت کا منہ بولتا ثبوت ہے جس کے نتیجہ میں پوری دنیا نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے سے واضح انکار کیاہے ۔علامہ عارف حسین واحدی کا مزید کہناتھا کہ پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے جس انداز میں اقوام متحدہ کے اجلاس میں پاکستانی قوم کی ترجمانی کی اور جس طرح اقوام متحدہ میں امریکہ کی تمام تر دھمکیوں کو پس پشت ڈالتے ہوئے مقبوضہ بیت المقدس کے حق میں آواز بلندکی وہ قابل تعریف ہے ۔اور دنیا پر ثابت کر دیا کہ ہم ایک عظیم قوم ہیں اور فلسطینی بھائیوں کے حقوق کے لئے آواز بلندکرتے رہیں گے۔پاکستان نے عملی طور دنیا کو پیغام دیاہے اور بالخصوص امریکہ کو بتادیا کہ ہم دنیا میں برائے فروخت نہیں ہے اور کوئی طاقت فلسطینیوں سے آزادی کا حق نہیں چھین سکتی۔پاکستان نے عملی طور پر ثابت کر دیا کہ فلسطینیوں کی جدوجہد کی حمایت پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہے۔ آخر میں عارف حسین واحدی کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام ہر مشکل گھڑی میں فلسطینیوں بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اورہم امریکہ کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں۔ فلسطین کا مسئلہ حل کرنا تمام ممالک کی ذمہ داری ہے، القدس مشرق وسطیٰ میں امن اور جنگ کی کنجی ہے اور بیت المقدس انشااللہ فلسطین کا دارلخلافہ ہو گا۔