کشمیر یوں کی حمایت میں پوری قوم یکجان و یک زبان ۔۔
یوم یکجہتی کشمیر اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا گیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی ،اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا ۔ صبح دس بجے ٹریفک رک گئی اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرکے پوری قوم نے مظلوم کشمیریوں سےیکجہتی کا اظہار کیا۔ پانچ فروری بھارتی بربریت اور حق خودارادیت سے انکار کے خلاف کشمیری عوام کی فقید المثال جدوجہد کو جاری رکھنے کے عزم سے عبارت ہے۔ پاکستانی قوم اس دن کو کشمیریوں سے تجدید عہد وفا کے طور پر مناتی ہے ۔
یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلےمیں ملک بھر میں ریلیاں اور سیمینارہوئے۔جن میں حق خود ارادیت کی جدوجہدکرنےوالوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ یوم یکجہتی کشمیر کا مقصد مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کی جدوجہد کو اجاگر کرنا اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کےمطابق حل کرنے کے لئے عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانا ہے ۔