تازه خبریں

ملک میں کوئی شیعہ سنی جھگڑا نہیں ، دہشت گرد انسانیت و امن کے دشمن ہیں،علامہ عارف واحدی

جعفریہ پریس : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے رائیونڈ لاہور پولیس چیک پوسٹ پر خود کش بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشت گرد انسانیت اور امن کے دشمن ہیں، دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ، دہشتگردی سے عوام سے لے کر اعلیٰ افسران تک کوئی محفوظ نہیں، ایک سازش کے تحت ملک کے حالات خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، عوام متحدہوکر ملک دشمنوں کے عزائم خاک میں ملائیں۔علامہ عارف حسین واحدی کا کہنا تھا کہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے بھی رائیونڈ لاہور پولیس چیک پوسٹ پر خود کش بم دھماکے واقع کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے افسوس ناک واقع پر انتہائی دکھ و افسوس کا اظہارکیا ہے اوراس موقع پر علامہ ساجد نقوی کا کہنا ہے کہ ضرب عضب اور آپریشن زد الفساد کے ہو تے ہو ئے دہشت گردی کے واقعات کارونما ہو نا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ شہدا کے قاتلوں کو قانون کے کٹہر ے میں لا کر تختہ دار پر لٹکایا جائے۔
علامہ عارف واحدی کاکہنا تھا کہ یہ بات واضح ہوتی جارہی ہے کہ دہشت گرد ملک میں امن کے دشمن ہیں ملک میں کوئی شیعہ سنی جھگڑا نہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک دشمن عناصر ایک سازش کے تحت وطن عزیز میںدہشتگردی کرکے اپنے مذمو م مقاصد حاصل کرناچاہتے ہیں اس لئے عوام اتحاداور باہمی رواداری و بھائی چارے کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک دشمنوں کے عزائم خاک میں ملائیں اور عوام کو اصل حقائق سے آگاہ کیا جائے کیونکہ جب تک دہشت گردوں کے سرپرستوں کو بے نقاب کرکے انہیں کیفر کردار تک نہیں پہنچایا جاتا اس وقت تک ملک میں امن و استحکام کا خواب شرمندئہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ انہوںنے کہاکہ اسلام رواداری، برداشت، تحمل اور امن کا مذہب ہے اور اقلیتوں سے بھی حسن سلوک کا درس دیتاہے ۔ اس موقع پر انہوںنے علمائے کرام اور قوم سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس نازک صورتحال کے پیش نظر رواداری، بھائی چارے اور وحدت کا درس دیں تاکہ ملک میں باہمی محبت و روداری کو فروغ دیکر امن و استحکام قائم کیا جاسکے۔ بعد ازاں انہوںنے مذکورہ واقعات میں پولیس شہدا ء کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔