ملک میں عادلانہ نظام و حقوق کا حصول چاہتے ہیں، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی
بین الاقوامی صورتحال پر نظر ہے، سامراج کا ہدف اور کوشش یہ ہے کہ طاقت کے بل بوتے پر اسرائیل مضبوط ہو اور فلسطین نابود ہو، یہ قابل قبول نہیں ہے، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی
زائرین کا مسئلہ، عزاداری سید الشہداءؑ کا مسئلہ، ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ہمارا بنیادی حق ہے، حل ضروری ہے
بیاد شہدائے سیہون و شہدائے اسلام کانفرنس سے قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی کا ٹیلی فونک خطاب
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے بیاد شہدائے سیہون و شہدائے اسلام کانفرنس کے عظیم الشان اجتماع سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے تمام تنظیمی و غیر تنظیمی شہداء کی بلندی درجات کی دعا کی۔ انہوں نے سالانہ اجتماع کے انعقاد پر شیعہ علماء کونسل پاکستان سندھ کو تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجتماع ایک جذبہ پیدا کرے گا، تنظیمی افراد میں ایک تحرک پیدا ہوگا اور تنظیم مزید فعال ہوگی۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ جیسا کہ میں نے آغاز میں ایک آیت کا ذکر کیا، اس سے ہمارے اغراض و مقاصد پر روشنی پڑتی ہے۔ تمام انبیاء و رسلؑ اس لیے بھیجے گئے کہ قسط و عدل قائم ہو۔ ہماری جماعت کے اہداف میں سے یہ ایک بنیادی ہدف ہے۔ ہم اس ملک میں عادلانہ نظام اور حقوق کا حصول چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ اس ملک میں انصاف کا قیام ہو، میرٹ ہو اور عدل ہو۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ اس مقصد کے لیے تنظیم کو مزید بہتر بنانا ہوگا، اس کے لیے آواز اٹھانا اور جدوجہد جاری رکھنا بہت ضروری ہے۔ موجودہ حالات میں اہداف کے حصول کے لیے ضروری ہے کہ ہم تنظیم کو مضبوط اور فعال بنائیں، اپنے اندر رابطے، یکجہتی اور ہم آہنگی پیدا کریں اور مخالفت کو فروغ نہ دیں۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ اس دور میں عادلانہ نظام کا فقدان ہے اور ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم عادلانہ نظام کے لیے جدوجہد کریں۔ اس جدوجہد کی طرف قرآن کریم ہماری رہنمائی کرتا ہے۔ انبیاء کرامؑ کا مشن بھی یہی ہے اور اوصیاءؑ کا مشن بھی یہی ہے۔ ظاہر ہے اس کے لیے آواز اٹھانا بھی بہت ضروری ہے۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ بین الاقوامی سطح پر جو مشکلات اور صورتحال درپیش ہیں، اس پر بھی ہمارا کردار ہونا چاہیے۔ بین الاقوامی صورتحال پر ہماری نظر ہے۔ سامراج کا ہدف اور کوشش یہ ہے کہ طاقت اور دھونس کے بل بوتے پر اسرائیل کو مضبوط کیا جائے اور فلسطین کو نابود کیا جائے، جو کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ اسی طرح پاکستان میں بھی بہت سے مسائل موجود ہیں، جن میں زائرین کا مسئلہ اور عزاداری سید الشہداءؑ کا مسئلہ شامل ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ہمارا بنیادی حق ہے اور اس حق سے ہم ایک انچ بھی پیچھے ہٹ نہیں سکتے۔ ان مسائل کے حل کے لیے حالات کے تقاضوں کے مطابق ہمارے اقدامات جاری ہیں۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ ہمارے لیے یہ ضروری ہے کہ ہم ان معاملات پر مزید توجہ دیں، زیادہ ہم آہنگی اور یکجہتی پیدا کریں کیونکہ یکجہتی اور ہم آہنگی ایک بہت بڑی قوت ہے۔ جب بھی ہم کوئی اقدامات کریں گے، ہماری کوشش مہذب، پرامن اور قانون کے دائرے میں ہوگی۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ ہم قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی کوششیں اور اقدامات جاری رکھیں گے۔ میں آپ کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں، تمام مرکزی، صوبائی اور دیگر تمام احباب کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں اور دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ اس اجتماع کو بااثر اور باثمر بنائے، آپ کی کوششوں اور کاوشوں کو نتیجہ خیز بنائے اور یکجہتی و ہم آہنگی کو مزید مضبوط کرے۔
شہدائے سیہون شریف کی 9ویں برسی کے موقع پر قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی کا ٹیلی فونک خطاب