لاہور میں متحدہ طلباء محاذ پاکستان کا اہم اجلاس، طلباء یونین بحالی اور غزہ پر متفقہ مؤقف
لاہور: جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیرِ اہتمام متحدہ طلباء محاذ پاکستان کا ایک اہم اور باوقار اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک بھر سے مختلف طلباء نمائندگان اور تنظیمی ذمہ داران نے شرکت کی۔
اجلاس میں عالمی حالات، بالخصوص غزہ کی موجودہ صورتحال اور امن کے قیام سے متعلق طلباء کے متفقہ اور ذمہ دارانہ مؤقف پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی طلباء کو عالمی و قومی معاملات میں شعوری اور منظم کردار ادا کرنا چاہیے۔
اجلاس کے ایجنڈے میں طلباء یونین کی بحالی سرفہرست رہی۔ اس حوالے سے مشترکہ حکمتِ عملی، آئینی و جمہوری جدوجہد اور آئندہ کے عملی لائحہ عمل پر سنجیدہ مشاورت کی گئی۔ شرکاء نے عزم ظاہر کیا کہ طلباء کے آئینی حقوق کے حصول کے لیے مشترکہ پلیٹ فارم سے مؤثر آواز بلند کی جائے گی۔
اجلاس کے دوران مسجد و امام بارگاہ خدیجہ الکبریٰ ترلائی اسلام آباد کے سانحے میں شہید ہونے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور زخمیوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی گئی۔
اس موقع پر تنظیم کے مرکزی صدر برادر فتح رضوی نے خطاب کرتے ہوئے موجودہ قومی و عالمی حالات پر تنظیم کا واضح مؤقف پیش کیا۔ انہوں نے اتحاد، فکری بیداری، تنظیمی نظم اور اجتماعی شعور کی ضرورت پر زور دیا اور مستقبل کے عملی اقدامات کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی۔
اجلاس کا اختتام باہمی مشاورت، یکجہتی کے عزم اور قومی و ملی ذمہ داریوں کو مزید مؤثر انداز میں ادا کرنے کے پختہ عہد کے ساتھ ہوا۔