تازه خبریں

علامہ سید ساجد علی نقوی مقدسات کی توہین کے خلاف بیان دیتے ہوئے

مقدسات کی توہین بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے: قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد نقوی

مقدسات کی توہین بین الاقوامی چارٹرز کی خلاف ورزی، شعائر اسلام کی بے حرمتی قابل مذمت: قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی

دنیا اور اسلامی ممالک انتہاپسند رجحانات کے خاتمے کیلئے مؤثر اقدامات کریں، قائد ملت جعفریہ پاکستان

راولپنڈی / اسلام آباد 15 مارچ 2026ء (جعفریہ پریس پاکستان ) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ مقدسات کی توہین بین الاقوامی چارٹرز کی سنگین خلاف ورزی ہے اور تمام مذاہب و مکاتب کے مقدسات کا احترام لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ شعائر اسلام کی بڑھتی ہوئی بے حرمتی کے واقعات انتہائی قابل مذمت اور قابل تشویش ہیں، عالمی برادری بالخصوص اسلامی ممالک کو اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے مقدسات کی بے حرمتی روکنے کیلئے مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ انتہاپسند رجحانات کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلاموفوبیا کے حوالے سے عالمی سطح پر منائے جانے والے دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا، جو کہ اقوام متحدہ کی جانب سے تسلیم شدہ اسلاموفوبیا سے نمٹنے کا عالمی دن کے تناظر میں منایا جاتا ہے۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ مقدسات کی توہین بنیادی طور پر انتہاپسندی کو جنم دیتی ہے، جس کے تدارک کیلئے عالمی دنیا، بین الاقوامی اداروں اور خصوصاً اسلامی ممالک کو سنجیدہ اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی مذہب یا مکتب فکر کے مقدسات کی توہین آزادی اظہار کے نام پر جائز قرار نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مغربی دنیا میں بعض رسائل اور افراد آزادی اظہار کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے اربوں مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرتے ہیں اور اس قسم کے واقعات بار بار سامنے آتے ہیں، جو عالمی امن و استحکام کیلئے خطرناک رجحان ہیں۔

آخر میں علامہ سید ساجد علی نقوی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ مقدسات کی توہین کے واقعات کی روک تھام کیلئے عالمی سطح پر مؤثر حکمت عملی اختیار کرنا ناگزیر ہے، کیونکہ اس طرح کے اقدامات ہی انتہاپسندی اور دہشت گردی کے رجحانات کو روکنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔