آزادی صحافت بنیادی حق، کسی قسم کی پابندی کی گنجائش نہیں: قائد ملت جعفریہ پاکستان
راولپنڈی/اسلام آباد: ( جعفریہ پریس پاکستان )قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے عالمی یوم آزادی صحافت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آزادی صحافت بنیادی انسانی حقوق میں شامل ہے اور اس پر کسی قسم کی قدغن کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ صحافت ایک اہم ذمہ داری ہے جس کا مقصد عوام تک درست معلومات اور حقائق پہنچانا ہے۔ صحافیوں کو چاہیے کہ وہ تعصب، جانبداری اور غیر ضروری دباؤ سے بالاتر ہو کر سچ کو سامنے لائیں تاکہ معاشرے میں آگاہی اور رہنمائی کا عمل جاری رہے۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ دنیا بھر میں صحافیوں نے آزادی صحافت کیلئے عظیم قربانیاں دی ہیں، خصوصاً غزہ، تہران، بیروت اور سری نگر جیسے علاقوں میں خدمات انجام دینے والے صحافیوں نے مشکل ترین حالات میں بھی سچ کو دنیا کے سامنے رکھا۔
انہوں نے کہا کہ مظلوموں کی آواز بننا صحافت کا بنیادی فریضہ ہے اور اسی شعبے نے ہمیشہ جنگ، ظلم اور ناانصافی کے حقائق کو آشکار کیا ہے۔ انہوں نے شہید ہونے والے صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں تاریخ کا اہم حصہ ہیں۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے مزید کہا کہ آج کے دن کا تقاضا ہے کہ صحافیوں کو اپنے فرائض کی ادائیگی میں مکمل آزادی دی جائے اور ان کو درپیش مسائل اور رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کا کردار معاشرے کی تشکیل میں نہایت اہم ہے، اور صحافی مشکل حالات میں اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر حقائق سامنے لا رہے ہیں جو قابل تحسین ہے۔