قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی اہلیہ مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے چہلم کی مجلس مسجد و امام بارگاہ جامعة الصادق اسلام آباد میں خانوادہ قائد ملت جعفریہ کی جانب سے منعقد کی گئی۔
اس موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری مقدم، حجتہ الاسلام والمسلمین علامہ سید محمد تقی نقوی، حجتہ الاسلام علامہ سید افتخار حسین نقوی، مرکزی نائب صدر شیعہ علماء کونسل علامہ محمد رمضان توقیر، مرکزی نائب صدر شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ عارف حسین واحدی، مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی، حجتہ الاسلام علامہ شیخ انور علی نجفی سمیت دیگر معزز علماء کرام، علمی، دینی، مذہبی اور تنظیمی شخصیات نے شرکت کی۔
چہلم میں شریک مہمانانِ گرامی قدر کو فرزند قائد ملت جعفریہ ڈاکٹر سید عون ساجد نقوی نے خوش آمدید کہا۔
مجلس کا آغاز قرآن خوانی، سوز و سلام اور منقبت سے ہوا۔ بعد ازاں مجلس عزا سے مولانا سید اظہر عباس شیرازی، مولانا پروفیسر عابد حسین عابدی اور حجتہ الاسلام علامہ محمد شفا نجفی نے خطاب کیا۔
علمائے کرام نے اپنے خطابات میں قرآن و اہل بیتؑ کی تعلیمات کی روشنی میں فلسفہ موت و حیات، والدین کے حقوق، صبر و استقامت اور انسانی زندگی کے معنوی پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مقررین نے مصائبِ حضرت سیدہ فاطمہ الزہراء سلام اللہ علیہا کا تذکرہ بھی کیا۔
مجلس کے اختتام پر قائد ملت جعفریہ کی مرحومہ رفیقہ حیات کے درجات کی بلندی، مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے خصوصی دعا کی گئی جبکہ پسماندگان، اہل خانہ اور تمام سوگواران کے لیے صبر جمیل اور اجر عظیم کی دعا بھی کی گئی




























