علامہ حسن ترابی کے ان اہداف و مقاصد کی تکمیل کی جدوجہد کو آگے بڑھایا جائے جن کیلئے شہید نے اپنی زندگی وقف کر رکھی تھی، قائد ملت جعفریہ
تاریخ شاہد ہے کہ اپنے نظریے و مشن کے ساتھ راسخ لوگ ہی اعلیٰ مرتبے پر فائز ہوتے ہیں، وہ دنیا اور آخرت میں سرخرو ہوئے ہیں، برسی پر پیغام
راولپنڈی/اسلام آباد، 14 جولائی 2026ء جعفریہ پریس پاکستان: قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے ممتاز عالم دین، تحریک کے سابق صوبائی صدر سندھ شہید علامہ حسن ترابی کی 20ویں برسی کے موقع پر ان کی قومی و ملی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ کسی بھی شخصیت کے اپنے نظریے یا مشن کے ساتھ وابستگی کے مختلف انداز ہوتے ہیں جن کے ذریعے ان کی شخصیت دوسروں پر ظاہر ہوتی ہے، شہید علامہ حسن ترابی کی ملی جدوجہد لائق تحسین ہے۔
علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ تاریخ اور تجربہ شاہد ہے کہ اپنے نظریے اور مشن کے ساتھ راسخ لوگ ہی اعلیٰ مرتبے اور ارفع درجے پر فائز ہوتے ہیں، وہ دنیا اور آخرت دونوں ہی میں سرخرو اور سرفراز ہوئے ہیں۔ مکتب اہلبیتؑ کی پوری تاریخ شہادتوں اور قربانیوں سے عبارت ہے۔
قائد ملت جعفریہ نے مزید کہاکہ ریاست کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ملک کے طول و عرض میں ہونے والے سانحات جن میں مساجد، مدارس، امام بارگاہوں، عزاداروں کے جلوسوں، مجالس، مزارات اور عوامی مقامات کو نشانہ بنایا گیا، ان سانحات کے پس پردہ محرکات کو منظر عام پر لاکر قاتلوں اور دہشتگردوں کو تختہ دار پر لٹکانے اور قاتلوں کے سہولت کاروں اور سرپرستوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ریاست کی ذمہ داری ہے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کا اعادہ نہ ہو اور ملکی سالمیت اور قومی وحدت کیلئے کام کرنے والی شخصیات دہشتگردی کا بھینٹ نہ چڑھیں۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے ایک بار پھر شہید حسن ترابی کے خانوادے اور عقیدت مندوں سے دلی تعزیت اور شہید کے درجات کی بلندی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ شہید علامہ حسن ترابی کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان اہداف و مقاصد کی تکمیل کی جدوجہد کو آگے بڑھایا جائے جن کیلئے شہید نے اپنی زندگی وقف کر رکھی تھی۔