تازه خبریں

اربعین حسینی 2026 کے موقع پر قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کا خصوصی پیغام

اربعین حسینی 2026: عزاداری فکر حسینی کی ترویج کا ذریعہ ہے، قائد ملت جعفریہ آیت اللہ سید ساجد علی نقوی

راولپنڈی / اسلام آباد، 3 اگست 2026ء (جعفریہ پریس پاکستان)

قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے نواسۂ رسول حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کے چہلم (اربعین حسینی) کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ عزاداری فکرِ حسینی کی ترویج کا مؤثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام حسینؑ کی عظیم قربانی صرف مسلمانوں ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے حق، عدل، آزادی اور ظلم کے خلاف مزاحمت کا ابدی پیغام ہے۔

علامہ ساجد علی نقوی نے کہا کہ عالم اسلام ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے مختلف مذاہب، اقوام اور خطوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی حضرت امام حسینؑ اور ان کے باوفا جانثار ساتھیوں کی لازوال قربانی کو عقیدت و احترام کے ساتھ یاد کرتے ہیں۔ گزشتہ چودہ صدیوں سے کروڑوں انسان امام عالی مقامؑ سے وابستگی کو اپنے لیے باعثِ شرف اور ذریعۂ ہدایت سمجھتے ہیں اور آپؑ کی سیرت و کردار سے مسلسل رہنمائی حاصل کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں صہیونیت اور سامراجی قوتوں کے مقابلے میں حق و صداقت کی علمبردار طاقتیں بھی سیدالشہداء حضرت امام حسینؑ کی انقلابی تحریک سے رہنمائی حاصل کر رہی ہیں۔ امام حسینؑ کی فکر امت مسلمہ کو اتحاد، مظلوموں کی حمایت، ظلم و جبر کے خلاف قیام اور باطل قوتوں سے نفرت کا عملی درس دیتی ہے، جس کی جھلک آج دنیا کے مختلف خطوں میں دیکھی جا سکتی ہے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے زور دے کر کہا کہ قرآن کریم کی تعلیمات کے مطابق تمام مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں اور امت مسلمہ ایک ہی امت ہے۔ انہوں نے تمام مکاتبِ فکر پر زور دیا کہ ایک دوسرے کے مذہبی جذبات کا احترام کریں، اخوت، بھائی چارے، برداشت، تحمل اور باہمی احترام کو فروغ دیں تاکہ امت مسلمہ اتحاد و یکجہتی کی مضبوط مثال بن سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ تاریخِ انسانیت کے عظیم معرکۂ حق و باطل، واقعۂ کربلا، سے سبق حاصل کرتے ہوئے حضرت سیدالشہداء امام حسینؑ کی تعلیمات پر عملی طور پر کاربند رہے۔ اتحاد و وحدت کے ذریعے دشمنانِ اسلام کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر سامراجی قوتوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جا سکتا ہے اور امت مسلمہ اپنی بیداری اور شعوری قوت کا ثبوت دے سکتی ہے۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ اربعین حسینی محض ایک مذہبی اجتماع نہیں بلکہ ایثار، قربانی، اتحاد، صبر، استقامت اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کے عزم کی تجدید کا نام ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ امام حسینؑ کے پیغام کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں اپنائیں تاکہ ایک پرامن، متحد اور باوقار معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔