تازه خبریں

مرکزی صدر جے ایس او پاکستان سید فتح محمد رضوی محرم الحرام 1448 کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے

جامعہ قراقرم یونیورسٹی میں فائرنگ کا واقعہ تشویشناک ہے جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنازئزیشن پاکستان

جامعہ قراقرم انٹرنیشنل گلگت میں طلباء و طالبات پر فائرنگ کا واقعہ انتہائی تشویش ناک، مستقل وائس چانسلر کی عدم موجودگی نے جامعہ کو انتظامی بحران سے دوچار کر رکھا ہے۔ سید فتح محمد رضوی

اسلام آباد: جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر سید فتح محمد رضوی نے جامعہ قراقرم انٹرنیشنل گلگت میں اسپورٹس ویک کی اختتامی تقریب کے دوران شرپسند عناصر کی جانب سے سرِعام اسلحے کی نمائش اور طلباء و طالبات پر فائرنگ کے افسوس ناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے تعلیمی اداروں کے امن، تعلیمی ماحول اور طلباء و طالبات کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔

مرکزی صدر نے کہا کہ تعلیمی ادارے علم و شعور، تربیت اور مستقبل کی تعمیر کے مراکز ہوتے ہیں، جہاں اسلحے کی نمائش اور فائرنگ جیسے واقعات کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ حکومت اور متعلقہ قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کا فوری نوٹس لیں، شفاف تحقیقات کے ذریعے ذمہ دار عناصر کو گرفتار کریں اور انہیں قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائیں۔

سید فتح محمد رضوی نے جامعہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کی مجموعی انتظامی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ گزشتہ عرصے سے مختلف انتظامی، تعلیمی اور سیکیورٹی مسائل کا شکار ہے، جس کی ایک بنیادی وجہ مستقل وائس چانسلر کی عدم موجودگی اور انتظامی معاملات میں عدم تسلسل ہے۔ ایک اہم قومی تعلیمی ادارے کو مستقل قیادت اور مؤثر انتظامی نگرانی کے بغیر نہیں چلایا جا سکتا۔ انتظامی عدم استحکام کے اثرات اب جامعہ کے تعلیمی ماحول اور طلباء کے تحفظ پر بھی مرتب ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ فائرنگ کا واقعہ جامعہ کے سیکیورٹی انتظامات اور انتظامی جواب دہی پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔ حکومت کی جانب سے مستقل وائس چانسلر کی تقرری میں تاخیر اور جامعہ کے انتظامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات نہ ہونا انتہائی تشویش ناک ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ جامعہ کو مستقل، بااختیار اور ذمہ دار قیادت فراہم کی جائے تاکہ انتظامی بحران کا خاتمہ اور تعلیمی و سیکیورٹی معاملات میں بہتری لائی جا سکے۔

مرکزی صدر نے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ فائرنگ کے واقعے کی فوری، شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کروا کر ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، جامعہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں فوری طور پر مستقل وائس چانسلر کا تقرر کیا جائے اور جامعہ کے سیکیورٹی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے مؤثر، پیشہ ورانہ اور جواب دہ بنایا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ جامعہ کے تمام انتظامی و تعلیمی مسائل کے مستقل حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ طلباء و طالبات کو پُرامن اور محفوظ تعلیمی ماحول میسر آسکے۔

سید فتح محمد رضوی نے واضح کیا کہ طلباء و طالبات کے جان و مال اور تعلیمی مستقبل کا تحفظ ریاست، حکومت اور جامعہ انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان طلباء کے تحفظ، تعلیمی اداروں کے امن اور تعلیمی حقوق کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ان مطالبات پر فوری اور سنجیدہ اقدامات نہ کیے گئے تو جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان طلباء کے تحفظ اور جامعہ میں امن و امان کی بحالی کے لیے ملک گیر احتجاجی لائحہ عمل اختیار کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔