جعفریہ پریس – شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہاہے کہ مہمان زمبابوین کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، چھ سال بعد بین الاقوامی مہمانوں کی آمد نہ صرف خوش آئند ہے بلکہ دنیا کی توجہ اس جانب بھی مبذول کرانے میںمدد گار ثابت ہوگا کہ اب پاکستان میں امن وامان کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے ، پنجاب حکومت عوام کی شہری آزادیوں کا بھی خیال رکھے۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے چھ سال بعد بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی پر اپنے خیر مقدمی بیان میں کیا ۔ علامہ عارف حسین واحدی نے کہاکہ ہم پاکستان میں مہمان زمبابوین ٹیم کوخوش آمدید کہتے ہیں جبکہ مہمان ٹیم کی پاکستان آمد سے ایک مرتبہ پھر بین الاقوامی کھیل کے میدان آباد ہونے سے نہ صرف انٹرنیشنل سطح پر اعتماد بحال ہوگا بلکہ معاشی استحکام کی جانب بھی یہ اہم قدم ثابت ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہونے کے بعد اب دنیا کی توجہ اس جانب مبذول ہونے میں بھی کسی حد تک کامیابی ملی ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے بعد اب ارض وطن ایک مرتبہ پھر امن وامان کی صورتحال بہتری جانب گامزن ہوگئی ہے ۔ انہوںنے آرمی چیف کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ہم امید رکھتے ہیں کہ اب شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کیلئے اقدامات مزید تیز ترکئے جائینگے اور عشروں سے امن کوترستی عوام کو سکھ کا سانس لینا بھی نصیب ہوگا ۔انہوںنے مزید کہاکہ بین الاقوامی مہمانوں کی طویل عرصے بعد پاکستان آمد پر قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے بھی انہیں خوش آمدید کہاہے اور اپنے خصوصی پیغام میں کہاہے کہ اب ارض وطن پاکستان امن وامان کی بحالی کی جانب گامزن ہے۔
علامہ عارف حسین واحدی نے پنجاب میں مذہبی پروگراموں کو صوبائی حکومت کے اجازت نامے سے مشروط کرنے پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہاکہ پنجاب حکومت عوام کی شہری آزادیوں کا خیال رکھے کیونکہ اس اقدام سے ایسا محسوس ہوتاہے کہ جیسے پنجاب حکومت دہشت گردوں کی بجائے پرامن لوگوں کوتنگ کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے ۔