عراق کے شمالی شہر موصل کی آزادی کے لیئے شروع کیا جانے والا آرمی آپریشن کامیابی سے جاری ہے اور عراقی فوج موصل شہر کے ارد گرد کے تمام علاقوں کو داعش سے آزاد کراتے ہوئے شہر میں داخل ہو گئی ہے۔
عراقی فوج اور عوامی رضا کار فورس حشد شابی موصل شہر کے الکرامہ علاقے میں داخل ہوگئی ہیں۔ یہ علاقہ موصل کے جنوب مشرقی حصے میں واقع ہے۔ فوج کے شہر میں باقاعدہ داخلے کے بعد داعش دہشت گرد اپنے مورچوں کو چھوڑ کر بھاگ نکلے ہیں جبکہ عراق کی مشترکہ افواج دوسرے علاقوں سے بھی موصل کی جانب پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
عراقی فوج کی بدرتنظیم کے کمانڈر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ فوج موصل کی آزای تک جنگ جاری رکھے گی اور ہم موصل سے دہشتگردوں کو بھاگنے نہیں دیں گے۔
ادھر عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے بھی موصل آپریشن میں شامل افواج کا معائنہ کیا اور تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا۔ عراقی افواج نے تازہ کارروائیوں کے دوران موصل کے جنوب مشرق میں واقع بائیس دیہاتوں کو آزاد کرا یا ہے جبکہ الشورہ علاقے میں واقع السروج نام کے اسٹریٹیجک قصبے پر بھی فوج نے کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔