نئی دلی:اپوزیشن جماعتوں کا کرنسی نوٹوں کی منسوخی کے خلاف مظاہرہ
بھارت میں مودی سرکار کے پانچ سو اور ہزار روپے کے کرنسی نوٹوں کی منسوخی کے فیصلے کے خلاف عوام کے ساتھ اپوزیشن جماعتیں بھی شامل ہو گئی ہیں۔ بھارتی دارالحکومت نئی دلی میں متعدد اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے مشترکہ مظاہرہ ہوا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور وہ حکومتی فیصلے کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔اس موقع پر کانگریس پارٹی کے سینیئر رہنما “اجے میکن” نے کہا کہ نریندر مودی کے فیصلے نے بھارتی عوام کو پریشان کر دیا ہے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی نے کہا کہ حکومت کو عوام کی مشکلات کا اندازہ نہیں۔تمام مسائل کے حل تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔ کرنسی نوٹوں کی منسوخی کے حکومتی فیصلے کے خلاف گزشتہ روز نئی دلی میں اپوزیشن کے ارکان پارلیمنٹ نےبھی مظاہرہ کیا ۔ بھارتی پارلیمنٹ کے سامنے ہونے والےمظاہرے میں دو سو ارکان نےشرکت کیاور دھرنا دیا۔اپوزیشن ارکان اس معاملے پر کئی روز سے پارلیمنٹ میں احتجاج کر رہے ہیں جس سے بھارتی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی ٹھپ ہوکر رہ گئی ہے۔