تازه خبریں

قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد علی نقوی حضرت فاطمہ زہرا کی سیرت پر خطاب کرتے ہوئے

حضرت فاطمہ کی سیرت و کردار خواتین عالم کیلئے مینارہ نور ہے، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد علی نقوی

آپ نے علم و کمال، اعلیٰ تہذیب و اخلاقی اقدار اور قناعت پسندی کے ذریعے مثالی اسلامی معاشرے کو بنیادیں فراہم کیں، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد علی نقوی

راولپنڈی/ اسلام آباد 24 نومبر 2025ء ( جعفریہ پریس پاکستان)
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ دختر رسول اکرم ۖ حضرت فاطمہ زہرا کی سیرت و کردار اور اسوہ رہتی دنیا تک خواتین عالم کیلئے مینارہ نور ہے۔ علم و کمال، اعلیٰ تہذیب و اخلاقی اقدار اور قناعت پسندی کے ذریعے مثالی اسلامی معاشرے کو بنیادیں فراہم کیں۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد علی نقوی کا مزید کہنا ہے کہ پیغمبر اکرم ۖ کی اپنی ہدایت اور رہنمائی کے مطابق خواتین عالم کے لئے ماں، بیوی اور بیٹی ہر زاویہ نگاہ سے بہترین نمونہ عمل اور آئیڈیل شخصیت جناب سیدہ فاطمہ زہرا ہیں۔ بیٹی کی حیثیت سے رحمت العالمین جیسی ہستی کے لئے باعث رحمت قرار پائیں، شادی کے بعد بیوی اور ماں کی حیثیت سے جس نظام زندگی کا نمونہ پیش کیا وہ طبقہ نسواں کے لئے مثالی حیثیت رکھتا ہے۔ اپنے گھر کے تمام کام اپنے ہاتھ سے کرتیں — جھاڑو دینا، کھانا پکانا، چرخہ چلانا، چکی پیسنا، بچوں کی تربیت کرنا، کنیز سے برابری اور دوست جیسا سلوک کرنا ان کا وطیرہ تھا۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد علی نقوی نے کہا کہ موجودہ سنگین دور میں امت مسلمہ خواتین کی آزادی کے ان نقوش کی روشنی میں جدوجہد کرے جو جناب سیدہ فاطمہ نے چھوڑے ہیں کیونکہ سیدہ فاطمہ کی پرورش آغوش رسول ۖ میں ہوئی۔ خواتین کو چاہیے کہ وہ اپنے خاندانی، ذاتی معاملات سے لے کر اجتماعی معاملات تک ہر موقع پر سیدہ کی شخصیت کو مدنظر رکھیں، اور اپنی گود سے ایسی نیک سیرت نسلیں معاشرے کو فراہم کریں جو دنیا میں اصلاح لانے کی استعداد رکھتی ہوں۔