تازه خبریں

 شیعہ علماء کونسل کی کال پر زمینی راستہ نہ کھولنے پر ملک گیر احتجاج کا سلسلہ جاری

شیعہ علماء کونسل پاکستان کی اپیل پر ملک بھر میں پر امن احتجاج جاری

جعفریہ پریس پاکستان :شیعہ علماء کونسل پاکستان کی اپیل پر ملک بھر میں زائرین کے زمینی سفر پر عائد پابندی کے خلاف پرامن احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں، جن میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور زائرین کو درپیش مسائل پر حکومت سے فوری اقدام کا مطالبہ کیا۔
اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور، گلگت، مظفرآباد، ملتان، سکھر، حیدرآباد، فیصل آباد، ڈیرہ اسماعیل خان، خضدار، میرپور اور دیگر شہروں میں نکالی گئی ریلیوں میں مقررین نے کہا کہ زائرین کے راستے بند کرنا ان کے مذہبی آزادی پر حملہ ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ زائرین کے زمینی راستوں کو فوراً بحال کیا جائے اور اس حوالے سے واضح اور مستقل پالیسی دی جائے۔
شیعہ علماء کونسل نے ایک بار پھر اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے حکومت کو سنجیدگی سے اقدامات اٹھانے کی اپیل کی ہے تاکہ زائرین اطمینان کے ساتھ اپنی زیارات انجام دے سکیں۔