تازه خبریں

قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی یوم نکبہ پر پیغام دیتے ہوئے

یوم نکبہ : جب تک ظالم سامراجی صہیونی ہاتھ روکا نہیں جاتا امن نہیں ہوگا قائد ملت جعفریہ پاکستان

..

قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ سامراجی قوتوں کا اسرائیل جیسی ناجائز ریاست کے حوالے سے ہمیشہ دہرا معیار رہا ہے۔ یوم نکبہ ہر فلسطینی کے لئے تباہی، بربادی، قتل و غارت گری اور انسانی حقوق کی پامالیوں کی یاد تازہ کرتا ہے، جبکہ دوسری جانب آج ہی کے دن خاندانوں کے عالمی دن کا منایا جانا عالمی قوتوں کے دوہرے معیار کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے یوم نکبہ 1948ء، ناجائز صہیونی ریاست کے یوم قبضہ، خاندانوں کے عالمی دن اور عالمی امن سے متعلق پیغام میں کہا کہ سات دہائیاں قبل اسرائیل جیسی ناجائز ریاست کو مشرق وسطیٰ میں خنجر کی طرح پیوست کیا گیا، جس کے نتیجے میں نہ صرف فلسطینی عوام بلکہ پورا خطہ مسلسل سازشوں، جارحیت اور عدم استحکام کا شکار رہا۔

انہوں نے کہا کہ یوم نکبہ ایک ایسا المیہ ہے جس میں لاکھوں فلسطینیوں کو ان کے گھروں، زمینوں اور آبائی علاقوں سے بے دخل کیا گیا۔ قابض افواج اور مسلح صہیونی گروہوں کے مظالم کی داستان آج بھی جاری ہے، جبکہ غزہ سمیت فلسطین کے مختلف علاقوں میں نہتے شہریوں اور خاندانوں پر ظلم و ستم کا سلسلہ جاری ہے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ عراق، شام، لبنان اور صومالیہ سمیت کئی اسلامی ممالک کو بیرونی مداخلت، بمباری اور اندرونی سازشوں کے ذریعے کمزور کرنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں جنگ و بدامنی کو ایران تک پھیلانے کی سازش بھی اسی سامراجی و صہیونی ایجنڈے کا حصہ ہے، تاہم ایرانی قوم عظیم قربانیوں کے ساتھ ان سازشوں کے مقابلے میں سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف عالمی سطح پر یوم خاندان منایا جاتا ہے، جبکہ دوسری جانب فلسطین اور خطے کے دیگر ممالک میں ہزاروں خاندان اجاڑ دیئے گئے، خواتین اور بچوں پر مظالم ڈھائے گئے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی گئیں، مگر عالمی طاقتیں خاموش تماشائی بنی رہیں۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے زور دے کر کہا کہ جب تک ظالم صہیونی و سامراجی ہاتھ کو روکا نہیں جاتا، اس وقت تک دنیا میں پائیدار اور حقیقی امن قائم نہیں ہو سکتا۔

.