استقبال رمضان المبارک، شیعہ علما کونسل نے تبلیغی ، تربیتی پروگراموں کو حتمی شکل دے دی
ضلعی، تحصیل اور یونٹ کی سطح پردروس اخلاقیات، اعتقادات ،حقوق العبادمنعقد ہوں گے
یوم شہادت علی، ولادت امام حسن،یوم القدس ،جشن نزول قرآن بھی منعقد کئے جائیں گے، علامہ سبطین سبزواری
راولپنڈی( ) شیعہ علما کونسل پنجاب نے رمضان المبارک تبلیغی اور تربیتی اندا ز سے منانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ما ہ مقدس کے پروگراموں کو حتمی شکل دے دی ہے۔ ضلعی، تحصیل اور یونٹ کی سطح پر پروگرام منعقد کروانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ صوبائی صدر علامہ سیدسبطین حیدرسبزواری کی طرف سے تنظیمی عہدیداروں کو جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ رمضان المبارک تزکیہ نفس اور قربت خداوندی کا مہینہ ہے، جس میں کثرت سے یاد باری تعالیٰ، تلاوت اور تفسیر قرآن پر توجہ ہونی چاہیے۔ تاکہ ماہ مقدس کی برکات سے زیاد ہ سے زیاد ہ مستفید ہوا جاسکے۔شیعہ علما کونسل کے تمام یونٹوں میں اخلاقی اور تبلیغی دروس کا اہتمام کیا جائے گا۔ جن میں اخلاقیات، اعتقادات ،حقوق العباداور معاملات کی درستگی کے لئے علما ءکرام دروس دیں گے۔جن میں تنظیمی عہدیداروں اور کارکنوں کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ پروگرام مساجد، مدارس اور امام بارگاہوں میں ترجیحی بنیادوں پر منعقد کروائے جائیں۔علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ دروس کا شیڈو ل اور موضوعات طے کرکے بھجوا ئے جارہے ہیں، جن پر عملدرآمد ضروری ہوگا۔اعلامیہ میں ولادت حضرت امام حسن علیہ السلام، شہادت حضرت امام علی علیہ السلام، قائد ملت اسلامیہ علامہ ساجد علی نقوی کی ہدایت پر جلوس ہائے یوم القدس اورجشن نزول قرآن کے حوالے سے سیمینارز اور کانفرنسوں کے اہتمام کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔اس بات پر بھی زوردیا گیا ہے کہ مستحقین کو رمضان المبارک کی خوشیوں میں شامل کرنے کے لئے توجہ دی جائے۔