تازه خبریں

جامعہ مخزن العلوم الجعفریہ 84 سالہ تقریبات دو روزہ سالانہ اجتماع

جامعہ مخزن العلوم الجعفریہ 84 سالہ تقریبات دو روزہ سالانہ اجتماع

جعفریہ پریس پاکستان:
جامعہ مخزن العلوم الجعفریہ شیعہ میانی ملتان کی 84 سالہ خدمات کے سلسلے میں دو روزہ سالانہ اجتماع انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوا۔ اجتماع میں ملک کے مختلف شہروں اور صوبوں سے نامور علمائے کرام، خطباء، ذاکرین، اور دینی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

یہ اجتماع جامعہ کی طویل علمی، تربیتی اور تبلیغی خدمات کے اعتراف کے طور پر منعقد کیا گیا، جس میں مقررین نے جامعہ کے بانیان و اساتذہ کی قربانیوں اور دینی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

دو روزہ تقریبات کے دوران شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی نے خصوصی شرکت کی اور اپنے پُرمعارف خطاب میں جامعہ کی علمی جدوجہد کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ “جامعہ مخزن العلوم الجعفریہ نے نہ صرف ملت کے لیے علم و تربیت کے دروازے کھولے بلکہ فکری و نظریاتی استقامت کی علامت بن کر ابھرا ہے۔”

اجتماع میں مدیر جامعہ اور مرکزی سینئر نائب صدر شیعہ علماء کونسل پاکستان، علامہ سید تقی شاہ نقوی نے بھی خصوصی شرکت کی

“جامعہ کی 84 سالہ تاریخ ملتِ تشیع کے لیے فخر و وقار کا سرمایہ ہے۔ یہاں سے فارغ التحصیل ہونے والے علماء نے پورے ملک میں علم و تبلیغ کا فریضہ انجام دیا۔”

اجتماع میں دیگر معزز علماء کرام نے بھی خطابات کیے اور جامعہ کی علمی و قومی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی دینی درسگاہیں ملت کے فکری و روحانی وجود کو مضبوط بناتی ہیں۔

آخر میں علامہ سید گلاب شاہ نقوی مرحوم کی بلندی درجات کے لیے دعا کی گئی، جنہوں نے اپنی زندگی کے قیمتی سال اس ادارے کی خدمت اور ملت کی رہنمائی کے لیے وقف کیے۔

یہ دو روزہ عظیم الشان اجتماع روحانی فضا اور دینی جوش و جذبے کے ساتھ اختتام پذیر ہوا، جسے ملت جعفریہ کے لیے ایک تاریخی اور بابرکت اجتماع قرار دیا گیا۔