سامراجی سازشوں کے مقابلے میں قوت ایمانی،اتحاد امت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، اسلامی تحریک
تمام مسلمان حضرت علی ابن ابیطالب کو حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہٰ وسلم کے بعد افضل ترین شخصیت مانتے ہیں
آیت تطہیر کے مصداق پنجتن پاک امت کے لئے نمونہ ہیں، صحابہ کرام کا اصولوں پر ڈٹ جاناہمارے لئے درس ہے ، علامہ عارف واحدی
قائد ملت اسلامیہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے اتحادمت کے ایجنڈے کو ایسا فروغ دیا کہ تکفیری دہشت گرد گروہ تنہائی کا شکار ہے، علامہ سبطین سبزواری
راولپنڈی۔اسلام آباد( ) اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سیکرٹر ی جنرل علامہ عارف حسین واحدی اور صوبائی صدرپنجاب علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے کہ اسلام دشمن سامراجی طاقتوں کی عالم اسلام کے خلاف سازشوں کے مقابلے کے لئے مضبوط قوت ایمانی،استقامت اور اتحاد امت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ جس کے لئے قائد ملت اسلامیہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی قیادت میں قومی پلیٹ فارم نے قربانیاں دیں مشکلات اور مصائب برداشت کئے مگر جذبہ ایمانی اور استقامت کے ساتھ مشن پر گامزن رہے ۔وہ اسلامک ایمپلائز ویلفیئر آرگنائزیشن کے مرکزی صدر سید شاہد عباس کاظمی کی میزبانی میںتربیتی نشست سے خطاب کررہے تھے، جس میں دینی علمی تربیتی امور سمیت قومی تنظیمی امور بھی زیر بحث رہے۔ علامہ عارف حسین واحدی نے سورہ حم سجدہ کی آیت نمبر 30 کو عنوان کلام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس آیت کریمہ میں اللہ تعالی نے چار چیزوں کو خوبصورت انداز میں بیان کیا۔ دو چیزیں بندے کی طرف سے اور دو چیزیں اللہ تعالی کی طرف سے ،بندہ دو کام کرے اپنے رب پر ان لے آئے اور اس پر ڈٹ جائے استقامت دکھائے تو اللہ تعالی اس بندے پر اپنے ملائکہ نازل کر کے بشارت دیتا ہے کہ نہ ڈرو نہ گھبراو (اسی طرح ڈٹ کر الٰہی مشن کو جاری رکھو اللہ تمھارے ساتھ ہو گا)اور جنت کی بشارت دیتا ہے۔ انہوں نے ایمان اور استقامت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مومن جتنا زیادہ صفات ایمانی سے متصف ہو گا، اتنا ہی زیادہ اس میں جذبہ استقامت موجودہو گا۔ صدر اسلام میں اہلبیت اطہار اور صحابہ کرام کی قوت ایمانی اور استقامت کی مثالیں بیان کرتے ہوئے کہا کہ کل ایمان حضرت علی بن ابی طالب علیہ السلام کا ایمان اور ان کی استقامت و بہادری محتاج بیان نہیں،اس لئے تمام مسلمان حضرت علی ابن ابیطالب کو حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہٰ وسلم کے بعد افضل ترین شخصیت سمجھتے ہیں۔علامہ عارف واحدی نے کہا کہ آیت تطہیر کے مصداق پنجتن پاک کی قوت ایمانی اور استقامت و بہادری تمام امت کے لئے ہر مشکل دور میں ایک نمونہ ہے۔ صحابہ کرام کی قربانیاں بھی جذبہ ایمانی کا نتیجہ تھیں ،حضرت ابوذر غفاری،سلمان فارسی،بلال حبشی،عمار یاسر اور دیگر صحابہ کرام کا اصولوں پر ڈٹ جاناہمارے لئے بہت بڑا درس ہے ،مشکلات جھیلیں،مصیبتیں برداشت کیں مگر قوت ایمانی سے دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنایا۔انہوں نے کہا کہ پوری تاریخ اسلام میں ایک طائرانہ نگاہ دوڑائیں تو کئی بڑی شخصیات ملیں گی ،جنھوں نے حق کی سربلندی کے لئے جرات و شجاعت کی ،وہ لازوال داستانیں رقم کیں جوہمارے لئے نمونہ عمل ہیں۔ آج کے دور میں بھی امام خمینی ،شہید باقر الصدر،مولانا مودودی،علامہ اقبال،قائد اعظم محمد علی جناح،علامہ شہید عارف حسین الحسینی جیسی ہستیاں پوری دنیاءاسلام میں ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دین مبین اسلام نے جو تعلیم و تربیت کا اعلی نظام دیا ہے، اس کو اپناتے ہوئے ہم اپنی اور آنے والی نسلوں کی اچھی تربیت کر سکتے ہیں،سامراجی اور اسلام دشمن طاقتیں ہر قدم پر امت مسلمہ کو کمزور کرنے کے لئے سازشیں کر رہی ہیں ۔ان کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیں مضبوط قوت ایمانی،استقامت اور اتحاد امت کے ساتھ آگے جرات سے بڑہنا ہو گا ۔قائد ملت علامہ سید ساجد علی نقوی اور قومی پلیٹ فارم اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ قربانیاں دیں مشکلات و مصائب برداشت کئے مگر جذبہ ایمانی اور استقامت کے ساتھ مشن پر گامزن ہیں۔ اتحاد بین المسلمین کی فضا کو قائم کرنے کے لئے قائدانہ کردار ادا کیا اور فرقہ واریت پھیلانے والے تکفیری گروہوں کو ناکام بنایا۔ علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ اگرہم اسی قوت ایمانی کو لے کرآگے بڑھیں اور جرات سے اصولوں پر ڈٹ جائیں تو اللہ تعالی کی نصرت ہمارے شامل حال ہو گی اور کامیابی ہمارے قدم چومے گی۔علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ قائد ملت اسلامیہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے اتحادمت کے ایجنڈے کو ایسا فروغ دیا کہ تکفیری دہشت گرد گروہ تنہائی کا شکار ہے۔ تحریک جعفریہ کے پلیٹ فارم سے جدوجہد نے ثابت کیا ہے کہ صبر واستقامت پر کاربند رہنے والے ہی سرخرو ہوتے ہیں۔ ہمیں قیادت کے ہاتھ مضبوط کرنے ہیں۔ جس کے لئے قومی تنظیمی پلیٹ فارم اور قائد ملت کا پیغام ہر گھر میں پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے۔