تازه خبریں

شیعہ علماء کونسل پاکستان کی کوششوں سے شہداء میں امدادی پیکج کی تقسیم

ڈیرہ اسماعیل خان:
شیعہ علماء کونسل / اسلامی تحریک پاکستان کی کوششوں سے 2014 سے 2018 تک کے شہدائے ڈیرہ اسماعیل خان کے لواحقین میں امدادی چیک کی تقسیم۔
جعفریہ پریس:ڈیرہ اسماعیل خان: کمشنر ڈیرہ عبد الغفور بیگ نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کو دہشتگردی، ٹارگٹ کلنگ اور فرقہ واریت سے محفوظ بنانے کیلئے تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے باہمی تعاون سے منظم کوششیں بروئے کار لا رہے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج اپنے دفتر میں ڈیرہ اسماعیل خان میں گزشتہ کئی سالوں سے دہشتگردی کا شکار ہونے والے شہداء کے لواحقین اور زخمیوں میں مالی امداد کے چیک تقسیم کرنے کے موقع پر کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نعمان افضل آفریدی، شیعہ علماء کونسل ڈیرہ اسماعیل خان کے سٹی صدر سید انصار علی زیدی، محکمہ مال کے افسران اور متاثرین کے لواحقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ متاثرین کی مالی معاونت شہداء کی قربانیوں کا نعم البدل نہیں ہے اس کے باوجود حکومت لواحقین کی دل جوئی کیلئے امدادی رقوم فراہم کر رہی ہے، ہماری کوشش ہے کہ فرقہ واریت، دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے جس کیلئے قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر وقت چوکنا ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل ڈیرہ اسماعیل خان کے سٹی صدر سید انصار علی زیدی کہا کہ ایک منعظم سازش اور پلاننگ کے ذریعے ڈیرہ اسماعیل خان کا امن و امان تباہ کرنے کی کوشش کی گئی ڈیرہ اسماعیل خان میں کوئی شیعہ سنی مسئلہ نہیں ہے۔ ہم سب کا فرض ہے کہ اس گھٹن زدہ ماحول کو دوبارہ ایک صحت مند اور متحمل معاشرے میں بدل دیں۔

انہوں نے ضلعی انتظامیہ بالخصوص کمشنر ڈیرہ عبد الغفور بیگ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کمشنر ڈیرہ عبد الغفور بیگ کی زاتی دلچسپی کی وجہ سے ستمبر 2013 سے 2018 تک کے متاثرین کی مالی معاونت ہوئی ہے اور جلد ہی ٹانک اور کلاچی کے متاثرین کے مسائل بھی حل ہو جائیں گے

جن لواحقین اورمتاثرین کو امدادی رقوم کے چیک دیے گئے ان میں محمد عقیل ولد محمد اشفاق شہید، صابر حسین ولد نذیر حسین شہید، ثمر عباس ولد غلام شبیر شہیدکو 5لاکھ روپے فی کس جبکہ تین زخمی شرافت حسین ولد منظور حسین، محمد رضوان ولد عبد الحمید، اکرام ولد ہاشم وغیرہ کو 2لاکھ روپے فی کس کے حساب سے امدادی رقوم کے چیک دیے گئے۔