علما معاشرتی بگاڑ کو روکنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں، غیر ذمہ دارانہ گفتگو کرنے والے مقررین کی اصلاح کرنے کی ضرورت ہے( جعفریہ پریس) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی کی زیر صدارت حوزہ علمیہ جامعتہ المنتظرکی دوروزہ64 سالہ تقریبات کے پہلے روز بشارت عظمیٰ کانفرنس میں ملک بھر سے علما و ذاکرین اور بانیان مجالس نے شرکت کی۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد علی نقوی نے زوردیا کہ علما معاشرتی بگاڑ کو روکنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ سیاست سمیت تمام شعبہ جات میں بگاڑ کو دور کرناضروری ہے۔ نئی نسل کو اچھا پیغام نہیں جارہا۔ ان کی توانائیوںکو یکجا کرنے کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہا کہ سٹیج حسینی پر غیر ذمہ دارانہ گفتگو کرنے والے مقررین کی اصلاح کرنے کی ضرورت ہے۔اس حوالے سے بانیان مجالس سے تعاون لیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ اصلاح کا عمل اس انداز سے ہونا چاہیے کہ اتحاد کو نقصان نہ پہنچے۔امت کو تقسیم کرنے کی سازشوں کا پہلے بھی مقابلہ کیا ، آئند ہ بھی کریں گے۔ مجالس عزا تبلیغ کا بہترین ذریعہ ہیں۔نفاق کا خاتمہ صبرو تحمل اورحکمت سے کریں گے۔ان کا کہنا تھاکہ عزاداری کے لئے کسی پرمٹ کی ضرورت نہیں ، یہ ہمار اآئینی حق ہے، مجالس عزا منعقد کروانے پر ایف آئی آرز کو مسترد کرتے ہیں۔