جعفریہ پریس ملتان:جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان ،ملتان ڈویژن شعبہ منتطرین کے زیرِ اہتمام نواں شہر چوک پر اسرائیل کی جانب سے فلسطینی بچوں پر جاری جارحیت کے خلاف صوبائی اطلاعات سیکرٹری شیعہ علماء کونسل بشارت حسین قریشی کی زیرسرپرستی چھوٹے بچوں کا احتجاجی مظاہرا کیا گیا جس کی قیادت ڈویژنل صدر جے ایس او ذیشان حیدر ،یاسر گلزار، ذیشان شمسی ، باقر بلوچ نے کی مظاہرے میں سینکڑوں بچوں نے شرکت کی۔مظاہرین بچوں نے خطاب میں کہا کہ فلسطین میں معصوم بچوں پر جاری اسرائیلی جارحیت کی روک تھام کیلئے سب مسلمان حکمرانوں کو خاموشی کا روزہ توڑ کر ان مظالم کے خلاف اُٹھ کھڑا ہونا چاہئے اور ہم تمام مسلمان حکمرانوں سے فلسطینی بچوں کیلئے زندگی کی بھیک مانگتے ہیں۔بچوں نے مزید کہا کہ اس وقت انسانیت کا قاتل امریکہ اور اسرائیل ہے ہم ان ظالموں سے پوچھتے ہیں کی فلسطین میں معصوم بچوں کو کس جرم میں شہید کیا جا رہا ہے اب بہت برداشت ہو گیا خدارا فلسطین پر حملے بند کر دو۔ ننھے مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اُٹھا رکھے تھے جن پر امریکہ و اسرائیل کیخلاف شعار لکھے ہوئے تھے اور فلسطین کے حق میں اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔