وزارت نقوی بھکر میں سپرد خاک ، نمازجنازہ علامہ ساجد نقوی نے پڑھائی، سیاسی، مذہبی اور سماجی رہنماوں کی شرکت
اہل سنت رہنما مولانا عارف قدوسی، ایم این اے ڈاکٹر افضل ڈھانڈلا، سینیٹرمحمد ظفراللہ، انجمن تاجران، عزاداری کونسل کا خراج عقیدت
وزارت نقوی عہد ساز شخصیت تھے، امن کے قیام تک جنرل راحیل شریف کی دہشت گردی کے خلاف پالیسی کو جاری رکھا جائے، قائد ملت جعفریہ
ملتان (جعفریہ پریس ) تحریک پاکستان کے گولڈ میڈلسٹ اوراسلامی تحریک پاکستان کے سینیر نائب صدر سید وزارت حسین نقوی کو بھکر میں سپرد خاک کردیا گیا۔ مرحوم کی نمازجنازہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سیدساجد علی نقوی کی اقتدار میں ادا کی گئی۔ جس میں سیاسی، مذہبی ، سماجی رہنماوں سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سوگ میں بھکر کے تجارتی مراکز بھی بند رہے۔ اسلامی تحریک کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر،مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہدعلی اخونزادہ، شیعہ علماکونسل پنجاب کے صدر علامہ سبطین سبزواری،سینیر نائب صدر مولانا موسیٰ رضا جسکانی، مجمع اہل بیت پاکستان کے سیکرٹری علامہ شبیرحسن میثمی، جماعت اہل سنت کے رہنما مولانا عارف حسین قدوسی،مسلم لیگ ن کے ایم این اے ڈاکٹر افضل ڈھانڈلا، سینیٹرمحمد ظفراللہ ڈھانڈلا، ایم پی اے عامر عنایت شاہانی، انجمن تاجران، عزاداری کونسل اور دیگر تنظیموں کے رہنماوں نے نماز جنازہ میںشرکت کی اور مرحوم کے فرزند سکندر حسین نقوی ایڈووکیٹ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ سید وزارت نقوی مرحوم کوقصرزینب کے احاطے میں دفن کردیا گیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ وزارت نقوی عہد ساز شخصیت تھے، جنہوں نے قائدملت جعفریہ مفتی جعفر حسین مرحوم، قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی اور 1988ءسے ان کے ساتھ تنظیمی اور قومی امور میں متحرک کردار ادا کیا، ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزارت نقوی تحریک پاکستان کے عظیم رہنما اور گولڈ میڈلسٹ تھے، جن کے خاندان نے بھارت سے ہجرت کرکے پاکستان کو اپنا مسکن بنایا۔ ان جیسے مخلص کردار اب ختم ہوتے جارہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھاکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اچھے اقدامات کئے ہیں، اس پالیسی کو مکمل طور پر امن کے قیام تک جاری رکھا جانا چاہیے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ سبطین حیدر سبزواری نے کہا کہ وزارت نقوی نے قومی پلیٹ فارم تحریک جعفریہ کی تشکیل اور تینوں قائدین کے انتخاب میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی زندگی کم اور کام زیاد ہ ہیں۔وہ آخری سانس تک قائدملت اسلامیہ کے ساتھ وابستہ رہے، تنظیمی کارکنان، مرحوم کے خاندان اور اہل بھکر کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں۔جامعہ فریدیہ کے پرنسپل جماعت اہل سنت کے رہنما مولانا ممتار حسین قدوسی کا کہنا تھا کہ وزارت نقوی نے ہمیشہ اتحاد بین المسلمین کے لئے کردار ادا کیا۔ ان کی خدمات یاد رکھی جائیں گی۔