اسرائیل کاایران پر حملہ بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے ، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد نقوی
حملہ ایرانی سلامتی و سا لمیت پر براہِ راست حملہ ہے، انسانی برادری خطے میں بین الاقوامی امن و سلامتی کے قیام کیلئے کردار ادا کرے،اگر معاملات کو کنٹرول نہ کیا گیا توپورا خطہ لپیٹ میں آسکتا ہے ، قائد ملت جعفریہ پاکستان
راولپنڈی /اسلام آباد 29اکتوبر 2024ء (جعفریہ پریس پاکستان )قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجدعلی نقوی نے کہا کہ صہیونی سامراجی ناپاک گٹھ جوڑ کاایران پر حملہ بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے ، صہیونی سامراجی ناپاک گٹھ جوڑکی جانب سے یہ حملہ ایران کی سلامتی و سا لمیت پر براہِ راست حملہ ہے، کشیدگی روکنے کیلئے انسانی برادری کو اس حوالے سے اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے، اگر معاملات کو کنٹرول نہ کیا گیا تو ایسی جنگ چھڑسکتی ہے جو پورے خطے کی تباہی کا ذریعہ بن سکتی ہے، اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ صہیونی سامراجی ناپاک گٹھ جوڑ اپنی جارحانہ پالیسیوں کو جاری رکھے ہوئے ہے اور غزہ و لبنان میں قتلِ عام کا مرتکب ہو رہی ہے اس نے غزہ و لبنان میں حملے بڑھادیے صہیونی سامراجی ناپاک گٹھ جوڑ نے ایران پر فضائی حملے کرکے پورے خطے کو مکمل جنگ کے مزید نزدیک پہنچادیا ہے۔اگر کشیدگی کا گراف نیچے لانے کی کوشش نہ کی گئی تو خطے کے تمام ممالک شدید عدم استحکام سے دوچار ہوں گے۔علامہ ساجد نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ انسانی برادری خطے میں بین الاقوامی امن و سلامتی کے قیام کے لیے اپنا عملی کردار ادا کرے۔ سامراج ایک جانب انسانی حقوق کا خود ساختہ چیمپیئن بنا بیٹھا ہے اور دوسری جانب مظلوم فلسطینیوں اور لبنانیوں کے عوام کی نسل کشی اور ان مظلوم نہتے معصوم بچوں ، خواتین نوجوانوں اور بوڑھوں بم برسانے کیلئے صہیونیوں کو بھاری ہتھیار فراہم کررہا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے لہٰذا انسانی برادری کو مظلوم فلسطینیوں اور لبنانیوں کا قتل عام رکوانے کیلئے سامراج کی جانب سے ہتھیاروں کی فراہمی رکوانے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے چاہیں ۔آخرمیں علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ ایران اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق غیر ملکی جارحیت کے خلاف اپنے دفاع کا حق رکھتا ہے ہم قابض صہیونی حکومت کے جارحانہ اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیںاور عالم اسلام کو چاہیے کہ وہ متحد ہوکر صہیونی سامراجی ناپاک گٹھ جوڑ کے ہاتھوں مظلوم فلسطینیوں اور لبنانیوں عوام کے قتل عام رکوانے کیلئے عملی اقدامات کرے ۔