اسلامی تحریک پاکستان گلگت بلتستان کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد
اسلامی تحریک پاکستان گلگت بلتستان کی جانب سے عبوری آئینی صوبہ کے مجوزہ ڈرافٹ کے حوالے سے 17 ستمبر 2021 کو مقامی ہوٹل میں گلگت بلتستان کی جغرافیائی اہمیت کے مطابق آئینی ترمیم کی ضرورت کے عنوان سے کل جماعتی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں مجوزہ ڈرافٹ کے حوالے سے اس بات پر تعجب کا اظہار کیا گیا کہ حکمران جماعت کی بنیادی ذمہ داری بنتی تھی کہ خطہ کی پارلیمانی و سیاسی جماعتوں کو گلگت بلتستان اسمبلی کے اجلاس سے قبل اعتماد میں لیا جائے تا ہم امید رکھتے ہیں کہ صوبائی حکومت کسی بھی فیصلہ سے قبل تمام سٹیک ہولڈرز کو مجوزہ ڈرافٹ سے آگاہ کرے گی ۔
اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ چونکہ گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کے تعین کے حوالے سے تاریخ کے اہم موڑ آ چکا ہے جس کیلئے گرینڈ آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد ناگزیر ہو چکا ہے اور قومی بیانیہ کی تشکیل وقت کا تقاضا ہے قومی بیانیہ کی تشکیل کیلئے جوائنٹ کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جس کے کنوینر شیخ میرزا علی ہوں گے اور ممبران میں پاکستان پیپلز پارٹی ، پاکستان مسلم لیگ ن ، جمعیت علماء اسلام اور گلگت بلتستان بار کونسل کے منتخب نمائندے ہوں گے دوسری جماعتوں کو بھی اعتماد میں لے کر ان کی نمائندگی بھی یقینی بنائی جائے گی گرینڈ آل پارٹیز کانفرنس کی مجوزہ تاریخ کا اعلان ایک دو دنوں میں کیا جائے گا ۔


