ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہےکہ آپریشن خیبرفور میں تقریباً 95 فیصد مقاصد حاصل کر لیے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ راجگال میں آپریشن خیبر فور کامیابی سے جاری ہے جس کے 95 فیصد تک مقاصد حاصل کرلیے گئے ہیں جب کہ آپریشن کی تکمیل سے متعلق آئندہ ایک سے دو روز میں پریس کانفرنس میں اعلان کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن خیبر فور ناہموار اور پہاڑی علاقے کی وجہ سے ایک بہت مشکل آپریشن تھا لیکن پھر بھی انتہائی شاندار رہا جس میں تمام تکنیکی مہارتوں کا استعمال کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج نے آپریشن میں حاصل ہونے والی کامیابیوں پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔
آصف غفور کا کہنا تھاکہ علاقے کو کلیئرکرالیا گیا ہے اور اب حفظاتی اقدامات کیے جارہے ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ آپریشن رد الفساد دیگر آپریشنز سے مختلف ہے جسے قوم کی مکمل حمایت حاصل ہے جب کہ آپریشن میں پاک فوج کے علاوہ دیگر ادارے بھی شامل ہیں۔