قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی کا صدر ابراہیم رئیسی و دیگر شخصیات کی شہادت پردُکھ کا اظہار
اس جانگداز حادثے پررہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں ،قائدملت جعفریہ
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کی خطہ میں امن قائم کرنے کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں،انہوں نے عالمی سطح پر غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کے مسئلہ کو اُجاگر کیا
راولپنڈی/ اسلام آبا20 مئی 2024 ء ( جعفریہ پریس پاکستان )قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حجة الاسلام و المسلمین ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی ، وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان، تبریز کے امام جمعہ حجة الاسلام و المسلمین محمد علی آل ھاشم ، مشرقی آذربائیجان کے گورنر مالک رحمتی اور جنرل سید مہدی موسوی کی ہیلی کاپٹر کے اس جانگداز حادثے پر شہادت پر رہبر معظم آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی خدمت میں اور ملت ایران سے تعزیت پیش کرتے ہوئے کہاکہ دُکھ و غم کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام، ایرانی عوام کے ساتھ برابر کے شریک ہیں ۔علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حجة الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کی خطہ میں امن قائم کرنے کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیںانہوںنے عالمی سطح پر جس منظم انداز میں غزہ کے مظلوم فلسطین بھائیوں کی مسئلہ کو اجاگر کیا اور ان کی بھر پور مدد کی ، پاکستان سمیت دیگر مسلم ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات استوار کرنے اور باہمی اختلافات ختم کرنے کیلئے جرآت مندانہ عملی اقدامات سمیت ان ممالک کے دورہ جات کئے وہ اپنی مثال آپ ہے ۔ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالی اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حجة السلام و المسلمین ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان، تبریز کے امام جمعہ حجة الاسلام و المسلمین محمد علی آل ھاشم ، مشرقی آذربائیجان کے گورنر مالک رحمتی، جنرل سید مہدی موسوی اور دیگر شخصیات کے سوگوار لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور المناک موت کا گہرا صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔