تازه خبریں

زائرین ایک بار پہر نشانہ پر ۔ تفتان میں زائرین پر حملہ ،25 شہید اور 50 زخمی ۔ زائرین کی ہمت بلند ، ایک نئے عزم کے ساتھ ہر سال زیارت پر آئیں گے

جعفریہ پریس – پاک ایران سرحدی علاقے تفتان میں مسلح افراد نے دو ہوٹلوں پر خودکش حملہ اور فائرنگ کرکے 25 افراد جان کی جان لے لی، حملے میں 50 افراد زخمی بھی ہوئے۔ ۔ اتوار کی شام دہشتگردوں نے ایران سے واپس آنے والے زائرین کو اس وقت اپنی بربریت کا نشانہ بنایا، جب زائرین ایرانی بارڈر سے کلیئرنس ملنے کے بعد تفتان میں واقع ہاشمی ہوٹل میں قیام پذیر تھے۔  ذرائع کے مطابق زائرین کی بس ایران سے کوئٹہ آ رہی تھی کہ نامعلوم افراد نے ہزارہ برادری کے ہاشمی ہوٹل پر کھڑی زائرین بس پر دستی بم اور فائرنگ کردی، ذرائع کے مطابق مسلح دہشت گرد افراد 10 سے 15 منٹ تک فائرنگ کرتے رہےجس کے نتیجے میں تین افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے- دستی بم اورفائرنگ  سے علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا . پولیس ذرائع کے مطابق تفتان میں‌ واقع ہاشمی ہوٹل میں پہلے دہشتگردوں نے زائرین پر شدید فائرنگ کا سلسلہ شروع کیا، بعدازاں دو خودکش بمباروں نے بھی اپنے آپ کو ہوٹل میں اُڑا دیا۔
ان زائرین کو تفتان کے دو ہوٹلوں میں ٹھہرایا گیا تھا،اس دوران چار خودکش حملہ آوروں نے ان ہوٹلوں پر حملہ کر کے فائرنگ شروع کردی،زائرین کی سیکیورٹی پر تعینات ایف سی اور لیویز اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی، جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور ہلاک جبکہ تین نے خود کو اڑا لیا،جس کے نتیجے میں 23زاہرین شہید جبکہ چھ خواتین سمیت  50 افراد زخمی ہوئے ۔میر سرفراز بگٹی نے بتایا کہ زخمیوں کو کوئٹہ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ واقعہ میں شہید ہونے والے زائرین کی میتیں اور ان کے رشتہ داروں کو آج صبح ہیلی کاپٹرز کے ذریعے کوئٹہ لایا جائے گا ۔ انہوں نے بتایاکہ واقعہ میں محفوظ رہنے والے افراد کو ایف سی قلعہ میں منتقل کردیا گیا۔
جعفریہ پریس کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے مختلف زائرین نے  کہا کہ اگر تاریخ کا مطالعہ کیا جائے تو بنو امیہ اور بنو عباس جیسی سفاک حکومتوں نے اپنے دور میں جتنی کوششیں کی کہ زائرین کو روکا جائے اتنا ہی زیارت کا شوق بڑھا اور زائرین نے تمام رکاوٹوں کو توڑتے ہوئے اور لاکھوں قربانیاں دے کر اس سلسلے کو باقی رکھا کیونکہ یہ الہی معاملہ ہے دنیوی نہیں اسی طرح اس قسم کے بزدلانہ حرکتوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوتے بلکہ ہم ایک نئے عزم کے ساتھ ہر سال گھروں سے زیارت کے شوق سے نکلیں گے ۔ ان شاء اللہ

واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ پر ایران میں زیارتوں کے لئے کوئٹہ سے جانے والے یا ایران سے واپس آنے والے زائرین پر کئی بارحملے ہوچکے ہیں۔ تاہم انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مسافرین کی جان ومال کو تحفظ فراہم کرنے پر بلکل ناکام نظر آتے ہیں۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی اورشیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے تفتان سانحہ پر شدید غم وغصہ کا اظہارکرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف فی الفور کاروائی کا مطالبہ کیاہے-