قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے ٹل اڈا پاراچنار کے لنڈا بازار میں بم دھماکے کے نتیجے میں 17 سے زائد افراد کی شہادت اور 30 سے زائد کے زخمی ہونے پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سانحہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور سانحہ کے ذمہ داران کو بے نقاب کرکے پس پردہ محرکات کو منظر عام پر لانے کا مطالبہ کیا ہے ۔اپنے مذمتی بیا ن میں علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ تسلسل کے ساتھ ملک بھر میں بالعموم اور پاراچنار کرم ایجنسی میں بالخصوص ایک مدت سے دہشت گردی اور قتل عام کا بازار گرم ہے لیکن امن و امان کے ضامن ادارے عوام کو جانی و مالی تحفظ فراہم کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ضرورت اس امر ہے کہ معصوم اور بے گناہ شہریوں کو ہراساں کرنے کی بجائے ایسے انحات کے مرتکب قاتلوں اور دہشت گردوں کو لگام دی جائے تاکہ ملک میں بدامنی اور شرپسندی پھیلانے والے عناصر کا قلع قمع کیا جاسکے۔ علامہ ساجد نقوی نے اس سانحہ میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔