تازه خبریں

تہران میں “قرآن کریم اور وحدت اسلامی میں اسکا کردار” کے عنوان سے 27 ویں بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس کا آغاز

جعفریہ پریس  – اسلامی جمہوری ایران کے دارالحکومت تہران میں “قرآن کریم اور وحدت اسلامی میں اسکا کردار” کے عنوان سے 27ویں بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس کا آغاز ہوگیا ہے۔ جہان اسلام کی اس اہم کانفرنس میں مجمع جہانی تقریب مذاہب اسلامی کے سیکرٹری جنرل آیت اللہ محسن اراکی، مفتی اعظم تیونس شیخ حمدہ بن عمر سعید، شام کے مفتی اعظم احمد بدرالدین حسون، روس کے مفتی اعظم نفیع اللہ عشیروف پاکستان سے قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی اور جہان اسلام کی دیگر اہم شخصیات شرکت کر رہی ہیں۔ ستائیسویں وحدت اسلامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجمع جہانی تقریب مذاہب اسلامی کے سیکرٹری جنرل آیت اللہ محسن اراکی نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ اجلاس عالم اسلام کے لئے خیر و برکت کا باعث بنے گا۔ انہوں نے اس اجلاس کو جہان اسلام کی مشکلات کو حل کرنے کیلئے ایک اہم قدم اور کوشش قرار دیا۔ آیت اللہ محسن اراکی نے مذہبی تفرقے، مختلف قبائل کے درمیان اختلافات ایجاد کرنے، تکفیر اور دہشتگردی کو اسلامی معاشرے اور جہان بشری کے لئے اہم ترین چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس بڑی سازش کو اتحاد و وحدت کے ذریعے رفع کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے شرکاء کانفرنس کو ان اہم مسائل سے نمٹنے کیلئے غور و فکر کرنے کی دعوت دی، تاکہ ان غیر انسانی مسائل سے مقابلہ کیا جاسکے۔ مجمع جہانی تقریب مذاہب اسلامی کے سیکرٹری جنرل نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور مجمع کی دعوت کو قبول کرنے اور اس کانفرنس میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ آیت اللہ محسن اراکی نے مقام معظم رہبری حضرت آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای، جن کی بصیرت و عنایت سے جہان اسلام کی ان مشکلات کو حل کرنے کا زمینہ فراہم ہوا، کا بھی شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کانفرنس کا محور قرآن کریم ہے جو کہ امت اسلامی کے درمیاں وحدت کا سب سے بڑا عامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآنی تعلیمات سے سبق لیتے ہوئے جہان اسلام کی ان مشکلات کو حل کرنا چاہیئے۔