تازه خبریں

جعفریہ یوتھ کے مرکزی ناظم اعلی سید اظہار بخاری کا دورہ آزاد کشمیر

جعفریہ پریس – آزاد کشمیر میں جعفریہ یوتھ کے تحرک سے ریاست میں نوجوانوں کو نیا ولولہ ملے گا اور انہیں اس انداز کی وسعت حاصل ہوگی کہ وہ پاکستانی یوتھ کے ساتھ ہم آہنگ ہوکر سیاسی و مذہبی میدان میں سرگرم عمل ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار جعفریہ یوتھ کے مرکزی ناظم اعلی سید اظہار بخاری نے آزادکشمیر (مظفرآباد) میں تنظیمی دورے کے دوران مختلف اکابرین اور جعفریہ یوتھ کے اراکین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
اپنے دورے کے دوران انہوں نے ملت جعفریہ کی بزرگ اور فعال شخصیات علامہ احمد علی سعیدی ‘ علامہ فرید عباس نقوی اور سید شبیر حسین بخاری کے ساتھ خصوصی نشستیں کیں جبکہ شیعہ علماء کونسل آزادکشمیر اور ضلع مظفر آباد کے عہدیداران کے ساتھ تنظیمی امور پر تفصیلی میٹنگ کی ۔
ان تمام ملاقاتوں اور تنظیمی نشستوں میں سید اظہار بخاری نے آزادکشمیر میں جعفریہ یوتھ کی فعالیت کا از سر نو جائزہ لیا اور پیش آمدہ مشکلات اور مسائل کی روشنی میں حل تجویز کئے گئے۔ کشمیری رہنماؤں نے کہا کہ ہم مدت سے خواہش رکھتے ہیں کہ شیعہ علماء کونسل کی صورت میں موجود ملک گیر پلیٹ فارم کے متحرک شعبے جعفریہ یوتھ کو ریاست آزادکشمیر میں متعارف و متحرک کیا جائے لیکن بوجوہ ایسا ممکن نہ ہوسکا اب خوشی کی بات ہے کہ جعفریہ یوتھ کی فعالیت کے لیے مرکزی ناظم اعلی کی نگرانی میں کام ہورہا ہے۔ہم جعفریہ یوتھ کی ضرورت کا شدت سے احساس رکھتے ہیں اس لئے ہر قسم کا تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں۔
مرکزی ناظم اعلی نے سید شبیر حسین بخاری ‘ علامہ فرید عباس نقوی‘ علامہ احمد علی سعیدی‘ مولانا کفایت حسین نقوی ‘ مولانا تصور حسین کاظمی ‘ سید قیصر عباس سبزواری اور دیگر رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بہت محبت و شفقت کے ساتھ جعفریہ یوتھ کو پذیرائی بخشی اگرچہ یہ ان کی قومی ‘ تنظیمی اور ملی ذمہ داری ہے کہ وہ ریاست آزادکشمیر میں جوانوں کی تعلیم و تربیت اور فلاح و تحفظ کے لیے جعفریہ یوتھ کی حمایت و سرپرستی کریں لیکن اس کے باوجود بھی ان کی زحمات اور خدمات کو خراج تحسین پیش نہ کرنا حوصلہ شکنی کا باعث ہوگا لہذا ہمیں امید ہے کہ بزرگان اسی طرح اپنی توجہات کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور پورے آزادکشمیر میں جعفریہ کو منظم و متحرک کرنے کے لیے بھرپور تعاون فرمائیں گے۔ فیصلہ ہوا کہ پندرہ رمضان المبارک تک صوبائی ناظم کی قیادت میں تنظیم سازی کا عمل انجام دیا جائے گا۔
بعد ازاں جعفریہ یوتھ کے مرکزی ناظم اعلی نے سید شبیر حسین بخاری کے بھتیجے اور سید عارف حسین بخاری کے جواں سال فرزند کی وفات پر تمام لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کے رسم چہلم کی تقریب میں خصوصی شرکت کی۔