اربعین امام حسین علیہ السلام کی مناسبت سے مصلی قدس قم میں زائرین کی خدمت رسانی کی غرض سے لگنے والے موکب کمیٹی کے انچارج جناب حجۃ الاسلام حسین زادہ کی دفتر قائد ملت جعفریہ قم آمد اور اردو زبان زائرین کے حوالے سے باھمی تعاون پر گفتگو.
7 اکتوبر 2017 بروز ہفتہ، موکب مصلی قدس کے انچارج جناب حجۃ الاسلام آقای حسین زادہ اور جامعہ المصطفی العالمیہ کے نمائندہ برای اربعین کمیٹی آقای محمدزادہ کی دفتر قائد ملت جعفریہ قم آمد. اس موقع پر دفتر قائد قم کے مسئول جناب حجۃ الاسلام مولانا سید مسرت اقبال زیدی صاحب نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا. موکب مصلی قدس قم کے انچارج جناب حجۃ الاسلام حسین زادہ نے اربعین حسینی ۱۴۳۹ کے حوالے سے بیان کیا کہ ان شاء اللہ گزشتہ سال کی طرح امسال بھی مصلی قدس میں زائرین کیلئے پہلی صفر سے ۲۵ صفر تک موکب لگایا جائے گا.
آقای حسین زادہ نے اس موکب میں وسیع پیمانے پر زائرین کو سہولیات اور خدمات کی پیش بینی کی اور کہا: اربعین امام حسین (ع) کی مناسبت سے ہزاروں پاکستانی اور دیگر ممالک کے زائرین قم المقدسہ سے گزرتے ہیں اسی بنا پر ہم نے کئی سو زائرین کی استراحت کے لئے مصلی قدس کا ہال مہیہ کیا ہے اس ہال میں بیک وقت کئی سو زائرین استراحت کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حضرت اباعبداللہ الحسین علیہ السلام کے زواروں کیلئے ان سہولیات کے علاوہ اور بھی خدمات فراہم کی جائیں گی جیسے تینوں وقت نیاز کا بندوبست، ڈاکٹرز اور میڈیکل کی سہولیات، مجلس عزا اور ماتم داری کیلئے مخصوص جگہ کا بندوبست، رہائش کی تمام سہولیات، پاکستانی چائے اور کمبلوں وغیرہ کے ساتھ ساتھ نہانے دھونے کا بھی اہتمام کیا گیا.
انہوں نے مزید کہا کہ ہم زائرین کو بہتر سے بہتر خدمات اور سروسز مہیا کرنے لئے کوشا ہیں.
دفتر قائد ملت جعفریہ قم کے مسئول جناب حجۃ الاسلام سید مسرت اقبال زیدی نے اربعین کمیٹی مصلی قدس کا دفتر قائد ملت جعفریہ تشریف لانے پر خوشی کا اظہار کیا. قم دفتر کے مسئول نے اپنی گفتگو میں دیگر ممالک کے زائرین سمیت پاکستانی زائرین کی عظیم اور وسیع پیمانے پر خدمات فراہم کرنے پر اظہار تشکر کیا اور سال گزشتہ جو مشکلات زائرین کے ساتھ پیش آئیں انہیں قانون کا لحاظ رکھتے ہوئے برطرف کرنے کی تاکید کی جن میں پاکستانی زائرین کی ایرانی و عراقی ویزا میں تسھیل اور بروقت ملنا، زائرین اور بس ڈرائیورز کی انشورنس کا مسئلہ اور دیگر مسائل پر تفصیل گفتگو کی.
مسئول دفتر نے اربعین کمیٹی کے ساتھ تعاون کو بہتر سے بہتر بنانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان شاءاللہ دفتر قائد ایک کمیٹی تشکیل دے گا جو مصلی قدس قم میں اردو زبان زائرین کی رہنمائی اور انہیں سہولیات فراہم کرنے میں ہر ممکنہ تعاون کرے گی.
اس ملاقات میں دفتر قائد قم کے شعبہ روابط کے معاون جناب حجۃ الاسلام حسین عسکری، شعبہ آئی ٹی کے معاون حسین حیدری اور معاون نشر و اشاعت جناب سید باقر نقوی بھی موجود تھے.