تازه خبریں

دورحاضرمیں جعفریہ یوتھ کے جوانوں کو اصحابِ کہف کے جوانوں جیسا کردار ادا کرنا چاہیے، قائد ملت جعفریہ

 جعفریہ پریس- قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے ایبٹ آباد میں مولانا سید وسیم شیرازی اور انکے والد سید غلام مصطفٰی شیرازی کی دہشت گردوں کے ہاتھوں شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس پرامن اور حساس علاقے میں دہشت گردی کا بھیانک اور لرزہ خیز واقعہ لمحہ فکریہ ہے، جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ اسلامک سنٹر راولپنڈی میں جعفریہ یوتھ مرکز کے زیر اہتمام ’’پیغام رمضان اور جوان‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ اصحاب کہف میں شامل جوانوں کی استقامت اور ریاضت پر اللہ تعالٰی نے قرآن کریم کے ذریعے مہر تصدیق ثبت فرمائی ہے اور انہیں اعلٰی و ارفع مقام عطا ہونے کی سند عطا فرمائی ہے۔ انبیاء و رسل اور معصوم ہستیوں کا مقام اپنی جگہ مسلم ہے لیکن اصحاب کہف کے جوانوں کو اللہ تعالٰی کی طرف سے کامیابی اور تائید کی سند عطا ہوجانا منفرد واقعہ ہے، جو مذکورہ جوانوں کے اخلاص عمل کی تصدیق کرتا ہے۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان  نے کہا کہ جس گہری وابستگی اور صبر و ریاضت کے ساتھ جوانان کہف نے حکم خداوندی کے سامنے سرتسلیم خم کیا، اگر اسی طرح دور حاضر کے جوان بالخصوص جعفریہ یوتھ کے جوان گہری وابستگی اور ریاضت کے ساتھ احکام خداوندی اور تنظیمی اصولوں کی پیروی کریں تو وہ بھی خدا کی طرف سے کامیابی کی سند کے مستحق قرار پاسکتے ہیں۔ اس لئے جوانوں کو چاہیے کہ وہ تقوی الہی اختیار کرتے ہوئے کردار سازی کی طرف توجہات مرکوز رکھیں اور معاشرے میں موجود برائیوں، خرابیوں اور نقائص کو دور اور ختم کرنے کے لیے اپنا اجتماعی اور انفرادی کردار ادا کریں اور جعفریہ یوتھ کے جوانوں کو تربیتی مراحل سے گذار کر اس قابل بنائیں کہ وہ معاشرہ سازی کرسکیں۔ جس میں عقائد و عبادات سے لے کر حکومت اور سیاست کے معاملات شامل ہیں۔
سیمینار سے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی  سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی، جعفریہ یوتھ کے مرکزی ناظم اعلٰی سید اظہار بخاری، انجمن جانثاران اہلبیت کے سابق صدر و شیعہ رہنماء تطہیر عالم رضوی، شعبہ خدمت زائرین قم کے مسئول سید ناصر انقلابی، جعفریہ یوتھ ضلع راولپنڈی کے ناظم سید جعفر نقوی اور دیگر نے خطاب کیا۔ سیمینار کے بعد قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا، جس میں علامہ ملک آفتاب حسین جوادی، علامہ سید عقیل اصغر کاظمی، علامہ کوثر عباس حیدری، علامہ ظفر عباس شہانی، سید زاہد حسین جعفری، ڈاکٹر عون ساجد نقوی، سمیت متعدد علمائے کرام اور عمائدین ملت نے شرکت کی۔