جعفریہ پریس – کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ کے قریب اخترآباد میں زائرین بس کے قریب دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ دھماکے میں شہلدتوں کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ سی سی پی اوعبدالرزاق چیمہ کے مطابق زائرین کی بس ایران سے کوئٹہ آرہی تھی کہ اس کے قریب دھماکا کیا گیا جبکہ دھماکے کے بعد علاقے میں فائرنگ بھی کی گئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زائرین کی بس کو دھماکے سے شدید نقصان پہنچا ہے۔ زخمیوں کو بس سے نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ بس میں اس وقت بھی آگ لگی ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق دھماکے سے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور کسی کو متاثرہ بس کے قریب جانے نہیں دیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ یہ نئے سال 2014ء کا پہلا دہشت گردی کا واقعہ ہے۔