سانحہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک نوشہرہ کی مذمت کرتے ہیں ، علامہ شبیر میثمی
دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں خود کش حملہ کھلی دہشتگردی ہے جس کیخلاف پوری قوم یکسو اور متحد ہے،مرکزی سیکرٹری جنرل ایس یو سی
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی بھی سانحہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی شدید الفاظ میں مذمت
اسلام آباد/ راولپنڈی28فروری 2025ء ( جعفریہ پریس پاکستان ) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک نوشہرہ میںبعد از نماز جمعہ مسجد کے خارجی راستے پرخود کش حملے اور کوئٹہ میں جان محمد روڈ کے قریب موٹرسائیکل میں نصب بم دھماکے کے دہشتگردانہ واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی س مولانا حامد الحق حقانی سمیت دیگرقیمتی جانوں کے ضیاع پر ان کے پسماندگان و لواحقین سے تعزیت و تسلیت و افسو س کا اظہار کیا اور کہاکہ اس قسم کے واقعات حکومت اور سکیورٹی اداروں پر سوالیہ نشان ہیں؟؟
انہوں نے کہاکہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں خود کش حملہ کھلی دہشتگردی ہے جس کیخلاف پوری قوم یکسو اور متحد ہے، حکومت کو دہشتگردوں کیخلاف جنگ جیتنا ہوگی ،انہوں نے متوجہ کیا ماہ صیام کی آمد آمد ہے تما م مکاتب فکر کی مساجد، عبادت گاہوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے بروقت ٹھوس اقدامات کئے جائیں تاکہ شہریوں کی قیمتی جانوںکے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے بھی سانحہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور خود کش حملے میں سربراہ جے یو آئی س مولانا حامد الحق حقانی سمیت دیگر قیمتی جانی ضیاع پر پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہارکیا۔
انہوںنے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہے،جامع حقانیہ اکوڑہ خٹک کی دین کیساتھ اتحاد امت کیلئے گراں قدر خدمات ہیں،مولانا حامد الحق حقانی اور ان کے خاندان کی اتحاد امت کیساتھ دین کیلئے غیر معمولی خدمات ہیں، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نے سربراہ جے یو آئی س مولانا حامد الحق حقانی کے سوگواران، لواحقین و پسماندگان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعاکی ۔