جعفریہ پریس – جعفریہ یوتھ پاکستان کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ابراہیم زئی کوہاٹ میں شہید اعتزاز حسن کو خراج تحسین پیش کرنے اور تعزیت کیلئے خصوصی دورہ کیا۔ وفد کی قیادت مرکزی ناظم اعلیٰ سید اظہار بخاری نے کی جبکہ انکے ہمراہ سید جعفری نقوی، ملک عباس، سید تصور کاظمی اور محمد رضا بھی تھے۔ اس موقع پر وفد نے شہید اعتزاز کے والد سے خصوصی ملاقات میں انکے شجاع فرزند کی دلیرانہ شہادت پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ شہید کے والد سے گفتگو کرتے ہوئے مرکزی ناظم اعلٰی جعفریہ یوتھ پاکستان نے کہا کہ شہید اعتزاز حسن نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے اور دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کو یہ پیغام دینے کیساتھ ساتھ کہ ہم کسی قسم کی بزدلانہ کارروائی سے خوفزدہ نہیں، حکمرانوں کو بھی یہ پیغام دیا ہے کہ کیسے وطن و اسلام دشمن دہشت گردوں کے عزائم کو اپنے ارادے اور حوصلے کیساتھ ناکام بنایا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر شہید کے والد نے جعفریہ یوتھ کے وفد کا خصوصی شکریہ اداء کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ خدا نے اس عظیم رتبے کیلئے انکے گھر کا انتخاب کیا اور انکے بیٹے کو شہادت کا عظیم رتبہ نصیب ہوا۔ بعد ازاں وفد نے شہید کے مزار پر بھی خصوصی حاضری دی اور فاتحہ خوانی کے علاوہ جعفریہ یوتھ پاکستان کی جانب سے خصوصی شیلڈ اور ایوارڈ بھی شہید کے والد محترم کو پیش کئے گئے۔