قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ ملک میں اتحاد وحدت کی بنیاد ‘ اخوت و یگانگت کے فروغ اور داخلی سلامتی و استحکام کے لئے ہماری جدوجہد تسلسل کے ساتھ جاری ہے اور اس راستے میں قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کیا گیااسی تناظر میں علامہ حسن ترابی نے متواتر اور مسلسل جدوجہد جاری رکھی اور اعلی و ارفع اہداف کے حصول کی خاطراور نیک و پاکیزہ مشن کی تکمیل کرتے ہوئے اس راہ میں درجہ شہادت پر فائز ہوگئے۔شہید علامہ حسن ترابی کی گیارہویں برسی کی مناسبت سے اپنے پیغام میں علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ قرآنی و نبوی تصور کے مطابق امت مسلمہ درحقیقت امت واحدہ ہے اور اس تصور کو اجاگر کرتے ہوئے ہم نے امت مسلمہ کی وحدت کو ایک تنظیم اور نظم کی صورت دے کر اس ملک میں بلکہ برصغیر کی تاریخ میں متحدہ مجلس عمل پاکستان جیسا منفر د اور معتبر فورم ایجاد کیا جس کے اثرات ملک کے گلی کوچو ں تک پہنچے جس کے نتیجے میں نہ صرف اسلامیان پاکستان بلکہ عالم اسلام کسی نہ کسی حوالے سے استفادہ کررہا ہے۔ اس فورم کے ذریعہ خاص طور پر صوبہ سندھ میں شہید علامہ حسن ترابی نے بے پناہ خدمات انجام دیں اور وحدت و اخوت کے پیغام کو پھیلانے میں شب و روز جدوجہد کی۔انہوں نے مزید کہا کہ شہید کی قومی و ملی خدمات‘ ان کے مشن ‘ ہدف اور مقصد کو آگے بڑھانے ‘ ان کی یاد منانے اور حقیقی معنوں میں خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے لازم و ناگزیر ہے ان کے مثبت کردار کو مشعل راہ بنایا جائے ۔برسی کے اس موقع پر قائد ملت جعفریہ پاکستان نے شہید علامہ حسن ترابی کے خانوادے کی دلجوئی کرتے ہوئے شہید حسن ترابی اور شہدائے ملت کے درجات کی بلندی اور وطن عزیز کے استحکام و سلامتی کی خصوصی دعا کی۔