شہید یحییٰ سنوار کی شہادت سے تحریک آزادی فلسطین مزید تیز ہوگی ،قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی
مزاحمت میں یکجہتی و ہم آہنگی سے صہیونی سامراجی قوتوں کو شکست فاش کا سامنا کرنا پڑے گا، قائد ملت جعفریہ
شہید یحییٰ سنوار کی سوچ فلسطینی عوام میں زندہ رہے گی ، فلسطینی عوام کو جھکانا اب غاصب صہیونی ریاست کے بس کی بات نہیں رہی
راولپنڈی /سلام آباد19اکتوبر2024ء ( جعفریہ پریس پاکستان )قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے فلسطینی مزاحمتی رہنمایحییٰ سنوارکی شہادت پرفلسطینی عوام ، خانوادہ محترم کو تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید یحییٰ سنوار کی شہادت سے تحریک آزادی فلسطین مزید تیز ہوگی،اسلامی مزاحمتی تحریکوں میں یکجہتی و کامیابی سے صہیونی سامراجی قوتوں کو شکست فاش کا سامنا کرنا پڑے گا،شہید یحییٰ سنوار کی سوچ فلسطینی عوام میں زندہ رہے گی ، فلسطینی عوام کو جھکانا اب غاصب صہیونی ریاست کے بس کی بات نہیں رہی ۔علامہ ساجد نقوی نے صہیونی ریاست کو بڑا جنگی مجرم قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ فلسطین اور لبنان میں جاری اسرائیلی جارحیت نے تمام حدیں پار کر دی ہیں ۔ فلسطین اور لبنان میںمرکزی رہنمائوں سمیت بے گناہ لوگوں کی شہادتیں صہیونی سامراجی قوتوں کی سفاکیت کا منہ بولتا ثبوت ہے، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے غزہ اور لبنان پراسرائیلی صہیونی جارحیت کی شدید ترین الفاظ میں مذ مت کی اور کہا کہ ایسی صورتحال میں پوری عالم انسانیت کو اس وحشیت و سفاکیت کو رکوانا ہوگا کیونکہ فلسطین و لبنان میںنسل کشی جاری ہے جس کو روکنے کیلئے پورا عالم انسانیت میدان میں آئے اور ظالم کے اس ہاتھ کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرے ۔انہوںنے متنبہ کرتے ہوئے کہاکہ اگر اس ظلم و نسل کشی کو نہ روکاگیا تو پھر اس کے اثرات خطے سمیت پوری دنیا پرپڑیں گے۔آخر میں دعا کی خدا انہیں شہدا سلام کے ساتھ محشور فرمائے اور مزاحمت کاروں کو اور ان کے مشن کو کامیابی کے ساتھ جاری رکھنے کی ہمت اور حوصلہ عنایت فرمائے۔