پشاور۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان ضلع پشاور کی جنرل کونسل نے عزاداری سید الشہداء پر درج ایف آئی آرز کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی توثیق کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل ضلع پشاور کے عزا داری سید الشہدا پر قدغن کے خلاف بروقت اقدامات کو سراہا ہے اور ضلعی قیادت سمیت مرکزی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہارکیا ہے جبکہ شیعہ علما کونسل نے عوام کے حقوق کی دعویدار تحریک انصاف کی صوبائی حکومت سے اپنے زیر انتظام صوبے میں عوام کے بنیادی شہری ، مذہبی اور آئینی حقوق کی پاسداری کرتے ہوئے عزائ داری سید الشہدائ پر کاٹی گئی غیر قانونی و غیر آئینی ایف آئی آرز کو واپس لینے کا بھی مطالبہ کیا۔
اس امر کا اظہار’’آخون قلعہ ‘‘ پشاور میں شیعہ علما کونسل پاکستان ضلع پشاور کے ضلعی صدر آخونزادہ مجاہد علی اکبر کی زیر صدارت منعقدہ اہم اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کے مہمان خصوصی شیعہ علمائ کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ تھے جبکہ اجلاس میں ضلع بھر کے یونٹس صدور و جنرل سیکرٹریز کے علاوہ زعمائ قوم نے بھی شرکت کی ۔ اجلاس میں ضلع پشاور کی جانب سے عزائ داری پر درج ایف آئی آرز کے خلاف قانونی چارہ جوئی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ کی جانب سے صوبائی حکومت کے اہم رہنمائوں سے ملاقاتوں میں مثبت پیش رفت کو سراہا گیا اور ان اقدامات کی توسیق کی گئی جبکہ عوام کے بنیادی حقوق کے حصول کی تگ و دو کے لیے آئندہ کی حکمت عملی بھی وضع کی گئی ۔ شیعہ علمائ کونسل پاکستان ضلع پشاور نے صوبائی حکومت کے اہم رہنمائوں کی جانب سے عزائ داری سمیت دیگر عوامی حقوق کی فراہمی کیلئے باہمی تعاون کے فروغ کو سراہتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ ان دوطرفہ رابطوں کے ذریعے بنیادی عوامی مسائل کا حل ممکن ہو سکے گا۔
اجلاس کے شرکا نے ضلعی صدر آخونزادہ مجاہد علی اکبر او مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ کی عمرہ اور روضہ رسول کی زیارت کی سعادت حاصل کر نے پر مبارکباد پیش کی۔ جبکہ مرکزی سینئر نائب صدر سید وزارت حسین نقوی مرحوم ، صوبائی صدر علامہ حمید امام کے والد ِ مرحوم ،ضلعی سنیئر نائب صدر سید مہر علی شاہ بخاری مرحوم اور یونٹ صدر حبدار علی کی ہمشیرہ مرحومہ کی مغفرت کے لیے دُعا بھی کی گئی۔