صدرمملکت اور وزیراعظم کا طیارہ حادثےپر دکھ اور افسوس کا اظہار
صدرمملکت اور وزیراعظم کا طیارہ حادثےپر دکھ اور افسوس کا اظہار
صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے طیارہ حادثے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیاہے اور جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور لوا حقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ریسکیو،ریلیف اور زخمیوں کو فوری طبی امداد کی ہدایت کرتے ہوئے طیارہ حادثے کی فوری تحقیقات کا حکم دیا ۔ اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ وہ قومی ایئر لائن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ارشد ملک سے رابطے میں ہیں جو جائے حادثہ پر موجود ہیں اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ صدر مملکت نے اپنے ٹویٹ میں کہاکہ پی آئی اے کے طیارہ حادثے پر ہم سب رنج و غم کا شکار ہیں۔جاں بحق مسافروں کو اللہ غریق رحمت کرے اور جنت الفردوس میں جگہ دے۔ہم دعا گو ہیں کہ اللہ لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ مسلح افواج کے سربراہان نے بھی طیارہ حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوج کو سول انتظامیہ کی امدادی سرگرمیوں میں بھرپور معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔چیئر مین سینیٹ ، سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی ، وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز، معاون خصوصی اطلاعات عاصم سلیم باجوہ ، وفاقی وزرا ،گورنرز اور صوبائی وزرائے اعلیٰ نے بھی طیارہ حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔