کربلا (خصوصی نمائندہ) — عراق کے مقدس شہر کربلا میں اسلامی ممالک کی طالبات کے لیے منعقدہ نویں مرکزی گریجویشن تقریب کی تقریبات کا آغاز ہوگیا۔ تقریب روضہ عباسؑ کی زیرِ اہتمام العمید ایجوکیشنل گروپ میں منعقد کی گئی، جس میں عراق کے چودہ صوبوں سے تعلق رکھنے والی تقریباً پانچ ہزار طالبات نے شرکت کی، جبکہ سات اسلامی ممالک سے دو سو اکتیس بین الاقوامی طالبات بھی شریک ہوئیں۔ ان ممالک میں پاکستان، ایران، لبنان، کویت، عمان، بحرین اور سعودی عرب شامل ہیں۔
تقریب کے پہلے روز علمی، ثقافتی اور فکری پروگرامز پیش کیے گئے۔ فارغ التحصیل طالبات کو اسناد و اعزازات دیے گئے اور مختلف تعلیمی شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات کو خصوصی طور پر سراہا گیا۔ مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ یہ اجتماع خواتین میں علم، خدمت اور قیادت کے جذبے کو فروغ دینے کا مظہر ہے، جو امت مسلمہ کے روشن مستقبل کی علامت ہے۔
تقریب کے دوران ڈاکیومنٹری فلم، نظم و تقریر کے مقابلے، اور شہداء کے اہل خانہ کے اعزاز میں خصوصی نشست بھی منعقد ہوئی۔ مقررین نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی و سماجی شعور کی تربیت بھی ضروری ہے تاکہ طالبات اپنے علم کو معاشرتی خدمت میں استعمال کر سکیں۔
بین الاقوامی وفود میں پاکستانی طالبات کی شمولیت خصوصی طور پر نمایاں رہی۔ پاکستانی طالبات نے مختلف علمی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا، اور مقررین نے ان کے عزم و کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی خواتین علم و کردار دونوں میدانوں میں ترقی کی روشن مثال پیش کر رہی ہیں۔
یہ سالانہ اجتماع عالمِ اسلام کی طالبات کے مابین تعلیمی تعاون، ثقافتی ہم آہنگی اور فکری تبادلے کو فروغ دینے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔