جعفریہ پریس – شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہاہے کہ ملک میں ہر مذہب و مسلک کو اپنی عبادات کا پورا حق حاصل ہے، عزاداری سید الشہداء پر کوئی قدغن برداشت نہیں کرینگے،، فرقہ واریت پھیلانے والے پاکستا ن اور اسلام کے دشمن ہیں، ملکی استحکام اور امہ کی سربلندی کیلئے اتحاد ضروری ہے، انتہاء پسندی و دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو ملک کے مختلف علاقوں سے آئے علمائے کرام کے وفوداور شہداء کے لواحقین سے ملاقات اور قبل ازیں کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ عارف حسین واحدی نے کہاکہ کچھ شرپسند عناصر عزاداری سید الشہداء کے خلاف پراپیگنڈ کرتے ہیں حالانکہ مجلس و عزاداری کسی مسلک کے خلاف نہیں بلکہ یزیدیت کے خلاف احتجاج ہے جو جاری رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ عزاداری سید الشہداء پر کوئی سمجھوتہ برداشت نہیں کرسکتے کیونکہ یہ ہماری شہری آزادیوں کا مسئلہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگوں کو اپنی عبادات اپنے طریقے سے ادا کرنے کی پوری آزادی ہے اور اس پر کوئی قدغن برداشت نہیں کی جاسکتی کیونکہ مذہبی آزادی آئین پاکستان نے دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسلام میں انتہاء پسندی اور دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں اور نہ ہی ان کا امن و آشتی کے مذہب سے کوئی تعلق ہے انہوں نے کہاکہ اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے ۔ علامہ عارف حسین واحدی نے کہاکہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے ہمیشہ اتحاد و وحدت کا درس دیا اور ہم اسی سلسلے کو آگے بڑھا رہے ہیں کیونکہ ملک کے استحکام اور اسلام کی سربلندی کیلئے اتحاد امت ضروری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ فرقہ واریت پھیلانے والے اسلام اور پاکستان دونوں کے دشمن ہیں ۔
شہداء کے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ عارف حسین واحدی نے کہاکہ ملک و ملت کیلئے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی اور شہداء کا خون ایک دن ضرور رنگ لائے گا۔