جعفریہ پریس- پیامِ زہراء آرگنائیزیشن پاکستان کی مرکزی صدر خواہرسیدہ سارا نقوی نے کہا ہے کہ خوہران ماہ مبارک ماہ رمضان کی نعمتوں سے خود کو مستفید کرنا نہ بھولیں کیونکہ یہ ماہ سال میں ایک مرتبہ اپنی تمام تر زیبائشوں کے ساتھ وارد ہوتا ہے اور اپنے ساتھ سوغاتوں کا تحفہ لاتا ہے اگر اس ماہ کو یونہی جانے دیا گیا تو پھر اصلاح کا کوئی راستہ ملنا مشکل ہے- ان خیالات کا اظہارانہوں نے خواہران کے ساتھ نشت کے دوران کیا، ان کا مزید کہنا تھا کہ ماہ رمضان وہ ماہ ہے جو خدا کا ماہ ہے اور اس ہی بناء پر یہ دیگر مہینوں پر سبقت رکھتا ہے اس کے شب وروز اور ساعتیں اور لمحے بھی دیگر مہینوں سے بالاتر ہیں، حضرت ختمی مرتبت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان ہے کہ اے بنی نوع انسان!ہوشیار۔کیونکہ اللہ کا مہینہ نعمات الہٰیہ ، رحمتوں اور مغفرت خداوندی جیسے گراں بہا موتی اپنے دامن میں لیئے تمہاری طرف آرہا ہے۔ماہ مبارک میں خدا مہمان بننے کی دعوت دیتا ہے، انسان کے کے لیئے اس سے زیادہ اور کون سی نعمت ہوسکتی ہے کہ خداوند عزوجل کے بچھائے ہوئے دسترخوان سے اپنے روح کی بالیدگی کے علاوہ روحانی آب حیات سے سیراب ہو؟ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری خواہران کو چاہئے کہ وہ میدان میں آجائیں اور خود کو تعلیمات دینیہ سے بھرہ ور کرنے کی کوشش کریں اور دیگر خواہران کو بھی اس کی ترغیب دلائیں، ان کا کہنا تھا کہ شیطانی قوتیں مظلوموں پر اپنی حکمفرمائی کرتے ہوئے ان پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہی ہیں اور عہد حاضر میں اسرائیل کی کارستانیاں کسی سے پوچھیدہ نہیں ، غزہ میں نہتے لوگوں پر ان کی وحشیانہ بربریت ، بموں کی بارش اور گولیوں کی بوچھاڑ ان کی آواز کو دبا نہیں پائیں اور وہ اپنے حقوق کے لیئے جان کی پرواہ نہ کئے وہ میدان میں ہیں، انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے ہمارے پہلے کعبہ بیت المقدس پر بھی برسوں سے قبضہ کر رکھا ہے، ایسے عالم میں یوم القدس کو منانا ہمارے اوپر لازم بن چکا ہے تاکہ ہم اسرائیل کو بتا سکیں کہ عالم اسلام میدان میں آگیا ہے اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب کعبہ اول اسرائیل کے چنگل سے چھڑا لیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ تمام تر خواہران اس دن کو جذبہ کے ساتھ منائیں اور اسرائیل کے ساتھ اپنی نفرت کا اظہار کریں ، اس دوران سیمنارز اور ریلیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔