تازه خبریں

غزہ کے مظلوموں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے شیعہ علماء کونسل پاکستان کی جانب سے 3 روزہ سوگ کا اعلان

جعفریہ پریس-  غزہ کے مظلوموں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے شیعہ علماء کونسل پاکستان کی جانب سے تین روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے علامہ عارف حسین واحدی مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان نے کہا ہے کہ سوگ کے تیسرے روز بروز جمعۃ المبارک ملک بھر میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف بھرپور احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔  انہوں نے کہا کہ قائد ملت جعفریہ  پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 25 جولائی 2014ء  (جمعۃ الوداع )عالمی یوم القدس کے طور پر منایا جائے گا۔ اس موقع پر تمام صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی ہیڈکواٹرز میں احتجاجی جلسے و جلوس اور ریلیاں منعقد کی جائیں گی، جن میں شیعہ علماء کونسل، جے ایس او اورجعفریہ یوتھ سمیت تمام مکاتب فکر کے رہنما اور مختلف شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔ یہ بات شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے مرکزی القدس کمیٹی کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
علامہ عارف واحدی کا مزید کہنا تھا کہ قبلہ اول بیت المقدس کی اسرائیل جیسی غاصب اور غیر قانونی ریاست سے آزادی ہر کلمہ گو مسلمان کے دل کی آواز ہے اور عالم اسلام کے اس خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے یہ ضروری ہے کہ صہیونی غاصبانہ قبضے کے خلاف امت مسلمہ متحد ہوکر صدائے احتجاج بلند کرے۔ جمعۃ الوداع کو پوری دنیا میں عالمی یوم القدس منایا جانا، اس صدائے احتجاج کو بلند کرنے کا بہترین اور انتہائی مناسب موقع ہے۔ لہذا ملت مسلمہ اور خاص طور پر اسلامیان پاکستان کو چاہیے کہ وہ جمعۃ الوداع کے موقع پر فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور بیت المقدس کی آزادی کے لئے القدس ریلیوں اور احتجاجی پروگرام میں بھرپور انداز میں شریک ہوکر اپنی ملی و قومی بیداری کا ثبوت فراہم کریں۔ دریں اثناء انہوں نے بتایا کہ القدس کمیٹی اسلام آباد/راولپنڈی کے زیراہتمام القدس ریلی حسب سابق امسال بھی میلوڈی چوک سے آبپارہ چوک اسلام آباد تک نکالے جائے گی، جو بعد میں جلسہ عام کی شکل اختیار کرلے گی۔