تازه خبریں

قائد ملت جعفریہ پاکستان کی جانب سے دمشق میں پیغمبر گرامی ؐ کی نواسی کے مزار مقدس کے قریب بم دھماکوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس اور سانحہ کی شدید مذمت

راولپنڈی/ اسلام آباد۔12 جون 2016 ء (جعفریہ پریس )قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے گذشتہ روز شام کے دارالحکومت دمشق کے جنوب میں واقع پیغمبر اسلام ؐ کی نواسی‘ دختر امیر المومنین علی ابن ابی طالب ؑ حضرت سیدہ زینب ؑ کے مزار مقدس کے قریب خود کش دھماکوں کے نتیجے میں 20 سے زائد زائرین کی شہادت اور مزار کے اطراف کو پہنچنے والے جزوی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہا ر کرتے ہوئے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ تہذیب و شائستگی ‘ اعلی انسانی اوصاف و اقدار سے عاری شرپسند عناصر کی جانب سے یہ بزدلانہ فعل اور غیر انسانی اقدام انتہائی قابل مذمت ہے۔مقدس و برگزیدہ ہستیوں کی مزارات کی بے حرمتی‘ انسانی جانوں کا ضیاع نہ صرف اسلامی و قرآنی تعلیمات کے سراسر منافی ہے بلکہ دنیا کا کوئی بھی مذہب و مسلک اس کی قطعاً اجازت نہیں دیتا یہی وجہ ہے کہ اس گھناؤنے اقدام سے نہ صرف اسلامی دنیا بلکہ پوری دنیا میں اس واقعہ پر گہری تشویش اور مذمت کا اظہار کیا جارہا ہے۔قائد ملت جعفریہ پاکستان نے اسلامی سربراہی کانفرنس تنظیم اور اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مسلم امہ کے جذبات کی ترجمانی اور احترام کرتے ہوئے مقدس مقامات کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ٹھوس اور واضح لائحہ عمل طے کرے۔