قائد ملت جعفریہ کی جانب سے حضرت عیسیٰؑ کی آمد اور کرسمس کی مبارکباد
راولپنڈی/ اسلام آباد 24 دسمبر 2024 ء (جعفریہ پریس پاکستان) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی آمد کی خوشی میں پوری انسانیت خصوصاً مسیحی برادری کو کرسمس کے موقع پر خصوصی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کا ملک کی تشکیل اور ترقی و خوشحالی میں بڑا کلیدی کردار رہا ہے جسے فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
قائداعظم کے پاکستان کے لیے اتحاد کی ضرورت
علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ قائداعظم کے پاکستان کے لیے پوری قوم کو متحد ہوکر پرامن جدوجہد کرنا ہوگی۔ قائد کے افکار پر عمل پیرا ہوکر ہی پاکستان کے مستقبل کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے۔
حضرت عیسیٰؑ کا پیغام امن و فلاح
قائد ملت جعفریہ نے اپنے 25 دسمبر کے تہنیتی پیغام میں کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی آمد کی خوشی ہر انسان کو منانی چاہیے کیونکہ وہ انسانیت کی فلاح کے لیے ایک آفاقی اور امن کا پیغام لے کر آئے تھے، جو ختمی مرتبت حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ذریعے پایہ تکمیل تک پہنچا۔
حضرت عیسیٰؑ کی تعلیمات سے رہنمائی
انہوں نے مزید کہا کہ حضرت عیسیٰؑ کی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنا اور ان کی سیرت و کردار سے رہنمائی لینا تقاضا ایمانی ہے۔
علامہ ساجد نقوی نے مسیحی برادری کی ملک کی تشکیل اور ترقی میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خصوصاً تعلیم و صحت کے شعبوں میں ان کی گراں قدر خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
آئین پاکستان اور شہری حقوق
انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان نے تمام شہریوں کے یکساں حقوق کا تحفظ کیا ہے۔ ملک میں بسنے والی تمام قومیتوں اور مذاہب کو اپنے اپنے انداز اور عقائد کے مطابق زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔ ان کے جائز حقوق کا تحفظ ریاست پاکستان کے ساتھ معاشرے کے تمام طبقات کی بھی ذمہ داری ہے۔