تازه خبریں

قائد ملت جعفریہ کامسئلہ کشمیر کے حوالے سے مربوط اور جامع پالیسی اختیار کرنے پر زور

قائد ملت جعفریہ کامسئلہ کشمیر کے حوالے سے مربوط اور جامع پالیسی اختیار کرنے پر زور

جعفریہ پریس پاکستان : قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے یہ بات آج راولپنڈی میں کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر پاکستان کا اولین مسئلہ ہے اور اس مسئلے کے حوالے سے ہم پہلے بھی کام کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2019 میں بھارت کے غیر قانونی اقدامات کے بعد یہ بے حد ضروری ہو گیاہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے ہر محاذ پر اپنی کوششیں تیز کرے۔ انہوں نے کہا کہ مودی اور اسکی فسطائی حکومت کشمیر کے حوالے سے اپنی ہندوتوا پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین میں جاری مظالم کے حوالے سے مغربی ممالک اور وہاں کے انسانی حقوق کے اداروں کا دوہرا معیار بے نقاب ہوگیاہے۔قائد ملت جعفریہ پاکستان آٰیت اللہ سید ساجد نقوی نے کہاکہ وہ حریت کانفرنس کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہر سطح پر ان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا۔حریت وفد نے سید ساجد نقوی کو مقبوضہ جموں وکشمیر کی تازہ ترین صورت حال سے آگا ہ کیا۔ اس حوالے سے غلام محمد صفی نے کہا کہ بھارت کشمیر میں اسرائیل کی نوآبادیاتی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں اور دونوں طاقتیں کشمیری اور فلسطینی عوام کے جذبہ آزادی کو دبانے کے لئے آپس میں مکمل تعاون کررہے ہیں ۔ غلام محمد صفی نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے حوالے سے سید ساجد نقوی کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے اسماعیل ہانیہ، سید حسن نصراللہ اور فلسطین، لبنان اور کشمیر میں دیگر شہداء کے لئے دعا کی۔ حریت وفد میں فورم کے جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ پرویز احمد شاہ، سید فیض نقشبندی، نثار مرزا اور سید کفایت حسین شامل تھے۔